• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 168577

    عنوان: نماز کی رکعت بھول جائے تو کیا کرے ؟

    سوال: مفتی صاحب میں نماز پڑھتا ہوں تو اکثر میں نماز کی رکعت بھول جاتا ہوں کی کتنی رکعت ہوئی نماز شروع کرنے سے پہلے ذہن لگاتا ہوں مگر نماز کی رکعت بھول جاتا ہوں، اس کے لیے کوئی طریقہ بتائیں۔

    جواب نمبر: 168577

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 594-533/M=06/1440

    نماز شروع کرنے سے پہلے اپنے ذہن کو تمام خیالات و تفکرات سے یکسو کر لیا کریں اور شروع کرنے کے بعد پوری دلجمعی کے ساتھ نماز پڑھیں، ہر رکن کی ادائیگی کے وقت یہ استحضار کریں کہ اب ہم فلاں رکن ادا کر رہے ہیں۔ اور رکعت کو یاد رکھنے کی پوری کوشش کریں، اگر اکثر وبیشتر نماز کی رکعت بھولنے کی عادت ہے تو ایسی صورت میں اکبر رائے یعنی ظن غالب پر عمل کریں اور کسی جانب رجحان نہ ہو تو اقل پر بنا کریں یعنی اگر ایک اور دو رکعت کے بارے میں شک ہو تو اس کو ایک سمجھیں لیکن اس کے بعد قعدہ بھی کریں کیونکہ اس کا امکان ہے کہ وہ دوسری رکعت ہو، اور دو اور تین رکعت میں شک ہو تو اسے دو سمجھیں اسی طرح تین اور چار رکعت میں شک ہو تو اسے تین شمار کریں اور اس کے بعد قعدہ بھی کریں اور چوتھی مکمل کرکے اخیر میں سجدہٴ سہو کرکے نماز پوری کرلیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند