• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 168568

    عنوان: عارضی جائے ملازمت سے مسافت شرعیہ سے کم کا سفر ہو تو نماز كے بارے میں كیا حكم ہے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ مجھے ایک شہر سے دوسرے شہر میں بطور ملازمت جانا ہوتا ہے میرے گھر اور جائے ملازمت کے درمیان ۱۵ کلومیٹر کا فاصلہ ہے میرا اپنی جائے ملازمت پر کبھی بھی پندرہ دن قیام نہیں ہوا البتہ مقام ملازمت پر مجھے کمرہ ملا ہوا ہے جہاں میرا سامان موجود و محفوظ رہتا ہے ، کبھی مجھے اچانک جائے ملازمت سے کسی ایسے شہر میں سفر کرنا پڑ جاتا ہے جو میرے گھر سے تو شرعی مسافت پر واقع ہے لیکن مقام ملازمت سے اس کی مسافت شرعی مقدار سے کم بنتی ہے سوال یہ ہے کہ ۱۔کیا میں اس شہر سے جو میرا مقام ملازمت ہے نکلتے ہی قصر نماز پڑھوں گا یا واپسی پر قصر ہو گی یا دونوں صورتوں میں نہیں ہو گی ؟ ۲۔ اگر واپسی پر جائے ملازمت پر ایک دو دن قیام کا ارادہ بھی ہو تو اس صورت میں مذکورہ بالا صورتوں میں کوئی فرق ظاہر ہو گا یا نہیں؟ بینوا و توجروا۔

    جواب نمبر: 168568

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:479-467/sd=6/1440

    (۱،۲) صورت مسئولہ میں اگر آپ جائے ملازمت میں پندرہ دن سے کم ٹھہرتے ہیں اور کبھی وہاں سے کسی دوسرے شہر کا سفر کرنا پڑجاتا ہے جس کی مسافت جائے ملازمت سے تو مسافت شرعیہ سے کم ہوتی ہے؛ البتہ آپ کے وطن سے وہ شہر مسافت شرعیہ پر واقع ہوتا ہے ، تو ایسی صورت میں آپ پوری نماز پڑھیں گے ، ہاں اگر وطن سے نکلتے وقت ہی اُس شہر تک جانے کا ارادہ ہو، تو پھر قصر کا حکم ہوگا اور اُس شہر سے واپسی کے وقت اگر مسافت شرعیہ پر واقع وطن جانے کا ارادہ ہو خواہ درمیان میں جائے ملازمت میں دو تین ٹھہرنے کا بھی قصد ہو، تو واپسی میں قصر کا حکم ہوگا۔

    قال الحصکفی : وَمَنْ طَافَ الدُّنْیَا بِلَا قَصْدٍ لَمْ یَقْصُرْ۔قال ابن عابدین : (قَوْلُہُ بِلَا قَصْدٍ) بِأَنْ قَصَدَ بَلْدَةً بَیْنَہُ وَبَیْنَہَا یَوْمَانِ لِلْإِقَامَةِ بِہَا فَلَمَّا بَلَغَہَا بَدَا لَہُ أَنْ یَذْہَبَ إلَی بَلْدَةٍ بَیْنَہُ وَبَیْنَہَا یَوْمَانِ وَہَلُمَّ جَرًّا.۔۔۔۔۔أَمَّا فِی الرُّجُوعِ فَإِنْ کَانَتْ مُدَّةَ سَفَرٍ قَصَرَ. اہ۔۔۔(الدر المختار مع رد المحتار :۱۲۲/۲، باب صلاة المسافر ، ط: دار الفکر، بیروت ، امداد الفتاوی:۵۵۶/۲، ط: زکریا، دیوبند، فتاوی دار العلوم:۴۵۴/۴)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند