• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 168232

    عنوان: نماز میں دل نہیں لگتا اور وسوسے بہت آتے ہیں‏‏‏۔ نماز میں دل كیسے لگائیں؟

    سوال: حضرت نماز میں دل نہیں لگتا اور وسوسے بہت آتے ہیں اور نماز میں شک میں پڑجاتا ہوں کہ شاید نماز یہ کمی رہ گئی وہ کمی رہ گئی وغیرہ وغیرہ۔ آپ سے گزارش ہے کہ کچھ حل بتائیں۔ میں آپ کا بہت ہی شکر گزار رہوں گا۔

    جواب نمبر: 168232

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 502-446/M=05/1440

    نماز میں وسوسہ آئے تو اپنے خیال کو فوراً نماز کی طرف پھیر لیا کریں وسوسہ کو اپنے دل میں نہ جمائیں، نماز میں یکسوئی اور خشوع پیدا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ جس رکن کو ادا کریں، مکمل دھیان اسی کی طرف رکھیں مثلاً قرأت کر رہے ہیں تو یہ سوچیں کہ ہم قرأت کر رہے ہیں، رکوع میں جائیں تو رکوع اور تسبیحات کا استحضار کریں الغرض جو عمل کریں اس کی طرف پوری توجہ رکھیں، توجہ بٹے تو فوراً توجہ اُسی رکن کی طرف لوٹائیں، ہر نماز کو اسی شان کے ساتھ ادا کرنے کی سعی و کوشش کرتے رہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند