• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 165741

    عنوان: سنت و وتر نمازوں میں كونسی سورتیں پڑھنا مستحب ہے؟

    سوال: مجھے والعصر سورہ سے سورہ ناس تک کی سورتیں یاد ہیں، بڑی دقت ہوتی ہے مجھے چار رکعت والی سنت نماز میں اور وتر نماز میں سورہ فاتحہ کے بعد والی سورتیں طے کرنے میں کہ کونسی سورت پہلی دوسری تیسری اور.چوتھی رکعت میں پڑھنے میں برائے مہربانی آپ سے التجا ہے کہ سنت نمازوں میں پڑھی جانے والی مستحب سورتیں بتائیں تاکہ میری اصلاح ہوسکے . نوازش ہوگی. شکریہ ساتھ ہی مولانا اپنے خاندان کے لئے خصوصی دعا کی درخواست ہے . نیز والدہ کی مغفرت کے لئے دعا کے لئے درخواست ہے ...

    جواب نمبر: 165741

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 123-102/M=2/1440

    آپ کو جتنی سورتیں یاد ہیں اُن کے علاوہ مزید سورتیں یاد کرنے کی کوشش کریں، تاکہ زیادہ سے زیادہ قرآن کا حصہ سینے میں محفوظ ہو جائے۔ بہرحال آپ کے سوال کا جواب یہ ہے کہ چار رکعت والی سنت نماز میں آپ اس ترتیب سے سورت پڑھیں کہ مثلاً پہلی رکعت میں الم ترکیف ، دوسری میں سورہ قریش، تیسری میں سورہ ماعون اور چوتھی میں سورہ کوثر پڑھیں۔ ترتیب برعکس نہیں ہونی چاہئے یعنی مثلاً پہلی رکعت میں الم ترکیف پڑھ کر دوسری میں ویل لکل (سورہ ہمزہ) پڑھنا یا والعصر پڑھنا یہ خلاف سنت ہے، اسی طرح وتر نماز میں پہل رکعت میں مثلاً سورہ فیل دوسری میں سورہ کافرون اور تیسری رکعت میں سورہ اخلاص (قل ہواللہ احد) پڑھ لیں، اگر سمجھ میں نہ آئے تو مقامی کسی اہل حق و معتبر عالم یا مفتی صاحب سے مل کر سمجھ لیں۔

    دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کی والدہ کی مغفرت فرمائے اور جمیع اہل خاندان کو دین و دنیا کی بھلائیاں نصیب کرے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند