• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 165215

    عنوان: حنفی مسلک کا طریقہ نماز کس کتاب میں درج ہے

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان اکرام کہ چار مسلک ہیں اور چاروں کا طریقہ نماز الگ الگ ہے تو میرا سوال یہ ہے کہ حنفی مسلک کا طریقہ نماز کس کتاب میں درج ہے ؟ حنفی مسلک کے علاوہ باقی کے تین مسلک والوں کی نماز میں یکسانیت ہے مثلاً تکبیر تحریمہ میں ہاتھ کا انگوٹھا کان کی لو کو ٹچ نہیں کرتے ؟؟ رفعیدین کرتے ہیں؟ اور قیام میں سینے کے نیچے اور ناف کے اوپر ہاتھ باندھتے ہیں؟یہ طریقہ بخاری و مسلم میں ہے ؟؟ تو خنفی مسلک کا طریقہ نماز تینوں مسلک سے الگ کیوں ہے ؟؟ رفعیدین کیوں نہیں کیا جاتا؟ کان کی لو کو ٹچ کرنا کہاں درج ہے ؟؟ اور ناف کے نیچھے ہاتھ باندھنا کہاں سے ثابت ہے ؟ براہ کرم بخاری و مسلم شریف سے ثابت کریں اگر نماز کا یہ طریقہ سلسلہ وار چلتا آیا ہے مطلب اللہ کے نبی علیہ الصلوٰة والسلام سے ہم تک سیکھتے سیکھتے آیا ہے تو پھر تین مسلک کی نماز کے طریقہ کے مقابل ہمارے مسلک کا طریقہ نماز الگ کیوں ہے ؟ اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جو نماز کا طریقہ ہے وہ باقی کے تین مسلک والوں کے جیسا کیوں ہے ؟ جبکہ وہ لوگ تو صحابہ کی اولاد ہیں؟ احادیث کی روشنی میں مکمل رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 165215

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 56-23/SN=2/1440

    مسلک حنفی کے علاوہ دیگر تینوں مسالک میں بھی طریقہٴ نماز کے حوالے سے متعدد امور میں اختلاف ہے، غالباً آپ نے ان کی کتابوں کو پڑھے بغیر محض اٹکل سے بات کہہ ڈالی، آپ مغنی ابن قدامہ ، مدونة کبری، استیعاب، مجموع شرح مہذب وغیرہ کا مطالعہ کریں، ان کتابوں میں ائمہ ثلاثہ سے مروی طریقہٴ نماز موجود ہے، اس کے بعد کچھ کہنا ہو تو کہئے گا، حنفی مسلک میں نماز کا جو مسنون طریقہ ہے، اس کے دلائل کے لئے اعلاء السنن اور آثار السنن سے ابواب الصلاة کا مطالعہ کریں، تشفی بخش دلائل مل جائیں گے، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حجت و دلیل ہونے کے لئے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہونا کافی ہے خواہ وہ بخاری و مسلم میں ہو یا دیگر کتب حدیث میں بس مرویات کا مستند اور قابل احتجاج ہونا چاہئے، آپ نے جو بخاری و مسلم سے ثابت کرنے کا مطالبہ کیا ہے، یہ آپ کی ناواقفیت کی علامت ہے کیا دیگر کتب حدیث مثلاً ابوداوٴد ، ترمذی، موٴطا مالک، طحاوی وغیرہ میں صحیح اور لائق احتجاج احادیث نہیں ہیں؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند