• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 164359

    عنوان: جہری فرض نماز کی پہلی رکعت میں ۴/ آیتوں کے بہ قدر سری قراء ت کی گئی اور اخیر میں سجدہ سہو بھی نہیں کیا گیا تو اب کیا حکم ہوگا؟

    سوال: امام مغرب کی نماز پڑھا رہا تھا اور پہلی رکعت میں سورة فاتحہ کی چار آیتیں آہستہ سے پڑھ لیا بعد میں یاد آنے پر شروع سے جہری تلاوت کرلی تو کیا نماز ہوگی اور سجدہٴ سہو بھی نہیں کیا اور امام کو یہ مسئلہ بھی پتا نہیں تھا اب کیا حکم ہے ؟

    جواب نمبر: 164359

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1296-1081/N=12/1439

    صورت مسئولہ میں امام پر سجدہ سہو واجب تھا اور جب انہوں نے سجدہ سہو نہیں کیا تو نماز ناقص ہوئی، یعنی: فرض تو سر سے اترگیا؛ البتہ ترک واجب کی وجہ سے نماز کا ثواب کافی حد تک گھٹ گیا؛ اس لیے وقت کے اندرایسی نماز کا اعادہ واجب ہوتا ہے اور وقت کے بعد مستحب۔ اور اب جب یقینی طور پر اس کا وقت گذرچکا ہے تو اس کا اعادہ صرف مستحب ہوگا واجب نہ ہوگا۔

    والجھر فیما یخافت فیہ للإمام وعکسہ لکل مصل فی الأصح، والأصح تقدیرہ بقدر ما تجوز بہ الصلاة في الفصلین (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الصلاة، باب سجود السھو، ۲:، ط: مکتبة زکریا دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند