• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 164249

    عنوان: مدینہ پاك پہنچ كر ہجرت كی نیت ہوجائے تو نماز كا كیا حكم ہے؟

    سوال: عرض یہ ہے کہ ایک صاحب پاکستان سے حج کو گئے ، جب وہ مناسک حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ پاک حاضر ہوئے تو ان کے دل میں یہ خیال پیدا ہوا کہ وہ ہجرت کی نیت کرلیں اور جب ان کے پاکستان واپس جانے کا وقت آئے تو پندرہ دن سے زیادہ قیام کی نیت سے پاکستان چلے جائیں۔ انہوں نے علماء کرام سے ہجرت کے شرعی مسائل معلوم کرنے کی بجائے ازخود ہجرت کی نیت کرلی اور لگ بہگ دس دن مدینہ پاک میں گزار کر پاکستان چلے گئے ۔ جب اس کے بعد وہ مدینہ پاک حاضر ہوئے تو گو ان کا قیام آٹھ یا نو دن رہا لیکن انہوں نے نماز قصر کی بجائے پوری پڑہی. اب وہ پاکستان واپس جاکر بہی پوری نماز پڑہتے ہیں، کیونکہ ان کے بیوی بچے بہی پاکستان ہی میں ہیں۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ: ۱:..... کیا ان کی ہجرت شرعی طور پر ہجرت کہلائے گی؟ ۲:..... اب شرعی طور پر ان کا وطن اصلی کیا ہے ؟ ۳:..... انہیں مدینہ پاک حاضری پر نمازیں پوری پڑہنی چاہئیں؟ یا پندرہ دن سے کم قیام کی صورت میں قصر اور زیادہ کی صورت میں پوری؟ ۴:..... پاکستان کے جس شہر میں ان کا قیام ہے وہاں ان کو نمازیں پوری پڑہنی چاہئیں یا قصر؟ اگر آپ ان سوالات کے جواب کے علاوہ بہی شریعت کی روشنی میں مزید کوئی ہدایات دینا چاہیں تو برائے کرم ارشاد فرمائیں. خیراً.

    جواب نمبر: 164249

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:879-184T/SD=12/1439

    (۱،۲،۳،۴) صورت مسئولہ میں اگر مدینہ پاک میں مستقل قرار کی نیت نہیں کی تھی ، پہلے سے معلوم تھا کہ نو دس دن کے بعد پاکستان واپسی ہوجائے گی ، تو وطن اصلی بنانے سے متعلق ایسی نیت کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا، وطن اصلی کے لیے مستقل قرار کا عزم کرنا شرط ہے ، لہذا مدینہ منورہ میں پندرہ دن سے کم قیام کی صورت میں قصر کا حکم ہوگا اور پاکستان میں چونکہ مستقل بیوی بچوں کے ساتھ قیام ہے ، اس لیے پاکستان میں جس شہر میں قیام ہے ، وہ وطن اصلی ہوگا اور وہاں قصر کرنا جائز نہیں ہوگا۔ قال الحصکفی:الْوَطَنُ الأَصْلِیُّ ) ہُوَ مَوْطِنُ وِلادَتِہِ أَوْ تَأَہُّلِہِ أَوْ تُوَطِّنْہُ ۔ قال ابن عابدین:( قَوْلُہُ أَوْ تَوَطُّنِہِ ) أَیْ عَزَمَ عَلَی الْقَرَارِ فِیہِ وَعَدَمِ الارْتِحَالِ۔( الدر المختار:۵۳۲/۱، دار احیاء التراث العربی، بیروت)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند