• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 163199

    عنوان: معذور آدمی صف كے درمیان كرسی پر بیٹھ كر نماز پڑھ سكتا ہے یا نہیں؟

    سوال: میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ اگر کوئی اس قدر معذور ہے کہ وہ کرسی پہ ہی بیٹھ کے نماز ادا کر سکتا ہے اور وہ پہلے صف کا ثواب لینا چاہیے تو وہ کرسی کو صف کے درمیان میں رکھ سکتا ہے کہ نہیں یا وہ کرسی کو کنارے رکھے گا آج کل مسجدوں میں دیکھا جا رہا ہے کہ اگر کسی بزرگ نے کرسی درمیان میں رکھ دی ہے تو لوگ اس کو ایسے ہٹا کے کنارے کر دیتے ہیں جیسے کہ وہ کوئی اچھوت ہے ۔ اغلاط العوام میں حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمة اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ اگر کوئی شخص معذور ہے تو وہ صف کے درمیان میں بیٹھ سکتا ہے مگر اس میں کرسی کا ذکر نہیں ہے ۔براہ کرم جلد از جلد جواب دیں۔

    جواب نمبر: 163199

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1225-1129/M=11/1439

    اگر کوئی شخص اس درجہ معذور ہے کہ وہ زمین پر کسی بھی ہیئت پر بیٹھ ہی نہیں سکتا تو اس کے لیے کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کی گنجائش ہے اور کرسی کو صف کے درمیان میں رکھ سکتا ہے جب کہ جگہ خالی ہو ہرحال میں صف کے کنارے ہی رکھنا ضروری نہیں، معذور جس قت مسجد میں آئے اس وقت صف میں جہاں جگہ مل جائے کرسی بچھاکر اس پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے لیکن یہ واضح رہے کہ کرسی کا استعمال سخت مجبوری میں ہے، آج کل لوگ معمولی عذر کی بنا پر بھی کرسی کا استعمال کرنے لگے ہیں جو غلط ہے، جہاں تک ممکن ہو کرسی کا استعمال نہ کیا جائے، مجبوری میں بھی زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھ لی جائے ہاں اگر بالکل کوئی صورت نہ ہو اور کرسی پر بیٹھنے کے علاوہ چارہٴ کار نہ ہو تو ایسی سخت مجبوری میں کرسی کا استعمال کرنے میں مضائقہ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند