• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 162267

    عنوان: قضا نمازیں پڑھنے کا کوئی آسان طریقہ بتادیں

    سوال: (۱) میں نے اپنی زندگی کی پچھلی قضا نمازیں پڑھنی ہیں اور قضا نمازیں پڑھنے کا کوئی تحفیف طریقہ بتادیں۔ (۲) میں نے کسی سے معلوم کیا تھا جنہوں نے مجھے بتایا ہے کہ قضا نماز کے لئے اللہ اکبر کہہ کر ڈائکریکٹ الحمد للہ اور ساتھ میں کوئی سورت پڑھ کر رکوع اور سجدے میں ایک ایک تسبیح پڑھ لیں۔ اسی طرح پہلی دو رکعات کے بعد چوتھی رکعات میں التحیات کے بعد صرف اللہم صلی علیٰ محمد پڑھ کر سلام پھیر دیں، قضا نماز ہو جائے گی۔ آپ رہنمائی کرکے بتادیں کہ ایسے نماز ہو جائے گی یا نہیں؟ تاکہ میں اپنی قضا نمازیں ادا کر سکوں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 162267

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1056-922/D=9/1439

    (۱) اولاً حساب لگا کر آپ پہلے یہ متعین کرلیں کہ کتنے سال یا ماہ کی نمازیں آپ کے ذمہ قضا ہیں پھر حسب موقعہ آپ انہیں ادا کرتے رہیں اگر ہر نماز کے وقت اسی وقت کی ایک قضا بھی پڑھ لیا کریں تو ایک ماہ تک ایسا کرنے سے ایک ماہ کی قضا نمازیں ادا ہو جائیں گی پھر جتنی نمازیں ادا ہوتی رہیں ان کا حساب کاپی یا کیلنڈر میں لکھتے رہیں۔

    (۲) قضا نمازیں بھی اطمینان سے پڑھیں ہڑبڑاہٹ اور جلدبازی میں ادا نہ کریں البتہ نماز میں جو چیزیں مستحب ہیں انہیں نہ کریں او جو سنتیں ہیں ان میں تخفیف کردیں تو اس کی گنجائش ہے لیکن نماز اطمینان سے ہی ادا ہو نیز کوئی واجب چھوٹنے نہ پائے اس کا خاص خیال رکھیں۔ ثنا پڑھنا رکوع سجدے کی تسبیحات تین یا اس سے زائد مرتبہ پڑھنا التحیات کے بعد درود شریف اور دعا پڑھنا یہ مستحب اور سنت درجہ کی چیزیں ہیں ان میں تخفیف کرسکتے ہیں۔

     


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند