• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 160550

    عنوان: مسجد کا رخ ۱۵ ڈگری قبلہ سے منحرف ہونے کی صورت میں ادا کی گئی نمازوں کا حکم؟

    سوال: ہمارے محلہ کی مسجد جو عارضی اور سیدھی بنی ہوئی ہے ، اب مسجد کمیٹی اس مسجد کو پکی بنا رہی ہے جس میں قبلہ کا رخ تھوڑا سا ٹیڑھا کر رہے ہیں 15 ڈگری تقریبا۔ نوٹ : پہلے بھی عارضی مسجد کی تعمیر کے وقت قبلہ چیک کیا تھا وہی ہے مگر پھر بھی مسجد سیدھی ہی بنی تھی، اگر مسجد ٹیڑھی ہی بننی چاہئے ، تو کیا اس میں جو نمازیں پڑھی گئی ہیں درست ہیں یا قضاء کرنی ہوں گی۔ کیونکہ قبلہ کا رخ صحیح نہیں تھا؟

    جواب نمبر: 160550

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:929-837/H=8/1439

    سمت قبلہ کی تعیین اور تعمیر مساجد کے سلسلے میں سلف، صحابہ و تابعین سے لے کر آج تک طریقہ یہ ہے کہ جس شہر میں پرانی مسجدیں مسلمانوں کی تعمیر کردہ موجود ہوں انھیں کے مطابق نئی مساجد تعمیر کرلی جائیں، ایسی جگہوں میں آلات رصدیہ اور قواعد ریاضیہ کی باریکیوں میں پڑنا خلاف سنت اور نامناسب ہے؛ اس لیے آپ اپنے آس پاس کی پرانی مسجدوں کے مطابق اپنی مسجد کا قبلہ طے کرلیں آلات جدیدہ پر کل اعتماد نہ کریں اگر محلہ کی عارضی مسجد قبلہ سے منحرف تھی اور اس کا اندازہ دیگر مساجد قدیمہ سے تقابل کرکے لگایا گیا ہے تو اگر ۴۵ڈگری سے کم منحرف ہو تو اس میں پڑھی گئی نمازیں درست ہیں، دوبارہ پڑھنے کی ضرورت نہیں۔ (مستفاد: جواہر الفقہ: ۲/ ۳۵۴-۳۶۰، ط: سلمان عثمان اینڈ کمپنی دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند