• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 157170

    عنوان: جلسہ اور قعدہ کی کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ مقدار کیا ہے؟

    سوال: (۱) جلسہ اور قعدہ کی کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ مقدار کیا ہے؟ (۲) کیا جلسہ اور قعدہ میں کوئی دعا پڑھ سکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 157170

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 440-1407/H=2/1440

    (۱) جلسہ میں بیٹھنے کی کم از کم مقدار اتنی ہے کہ آدمی کے اعضاء و جوارح اپنی اصلی حالت پر آجائیں، اس میں ایک مرتبہ سبحان اللہ پڑھنے کے بقدر وقت لگتا ہے۔ اور قعدہ کی کم از کم مقدار تشہد پڑھنے کے بقدر بیٹھنا ہے۔ وتعدل الأرکان ہو تسکین الجوارح حتی تطمئن مفاصلہ وأدناہ قدر تسبیحہ کذا في العیني شرح الکنز والنہر الفائق (ہندیہ: ۱/۱۲۹، ط: اتحاد دیوبند) ومنہا القعود الأخیر مقدار التشہد کذا في التبیین (ہندیہ: ۱/۱۲۸)۔

    (۲) جلسے میں کوئی دعا مسنون نہیں ہے، البتہ نوافل اور تہجد کی نمازوں میں اللہم اغفرلی وارحمنی وارزقنی وعافنی واجبرنی وارفعنی ․․․ وغیرہ الفاظ سے دعائیں پڑھ سکتے ہیں۔ اور پہلے قعدہ میں تو کوئی دعا التحیات کے علاوہ نہیں پڑھ سکتے ہیں، البتہ قعدہٴ اخیرہ میں دعائے ماثورہ اللہم إنی ظلمت نفسي ․․․․ الخ پڑھنا مسنون ہے۔ ولیس فیہ ذکر مسنون والوارد فیہ محمول علی التہجد مراقي الفلاح ، ص: ۲۸۳۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند