• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 156247

    عنوان: جو شخص بیٹھ کر رکوع سجدہ کرسکتا ہے كیا وہ كرسی پر نماز پڑھ سكتا ہے؟

    سوال: اگر کوئی معذور شخص کرسی پر نماز ادا کرتا ہے ، وہ شخص قیام کھڑے رہ کر کرتا ہے اور رکوع اور سجدہ کرسی پر بیٹھ کر اشارے سے ادا کرتا ہے ، تو کیا یہ صحیح کر رہا ہے یا غلط۔ جبکہ مفتی محمد ذرولی خان صاحب کہتے ہیں کہ اگر کوئی شخص کرسی پر بیٹھ کر رکوع اور سجدہ اشارے سے ادا کر تاہو تو اسے چاہیے کہ قیام بھی کرسی پر بیٹھ کر کریں۔ براہ کرم مسئلہ کی وضاحت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 156247

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:277-352/B=4/1439

    اگر کوئی شخص بلا کرسی کے زمین پر بیٹھ سکتا ہے تو اسے زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنی چاہیے اگر بیٹھ کر رکوع سجدہ کرسکتا ہے تو رکوع اور سجدے کے ساتھ نماز پڑھے۔ اور رکوع وسجدہ نہیں کرسکتا ہو تو رکوع وسجدے کا اشارہ کرکے پڑھے، جو شخص زمین پر بیٹھ کر بھی سجدہ نہیں کرسکتا ہے اس کے لیے اجازت ہے کہ وہ کرسی پر بیٹھ کر رکوع سجدہ کا اشارہ کرکے پڑھے (اور اگر زمین پر بیٹھ کر اشارہ سے پڑھ سکتا ہے تو افضل زمین پر بیٹھ کر اشارہ سے پڑھنا ہے۔[ن])اگر کوئی معذور رکوع سجدہ کرنے سے عاجز ہے تو اس سے قیام ساقط ہوجاتا ہے، اسی کرسی پر بیٹھ کر ہی مکمل نماز پڑھنی چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند