• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 155011

    عنوان: اگر دو پٹہ یا چادر باریک ہوں اور بال نظر آئے تو كیا عورت كی نماز ہوجائے گی؟

    سوال: کیا درج ذیل صورتوں میں عورت کی نماز درست ہوگی؟ (۱) اگر نماز پڑھتے ہوئے اس کے بال سامنے ماتھے پر نظر آئے ؟ (۲) اگر دو پٹہ یا چادر باریک ہوں اور بال نظر آئے؟ (۳) اگر کلائیاں ایک یا دو انچ ننگی ہوں؟ (۴) اگر تین نظر آئیں؟

    جواب نمبر: 155011

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 24-14/N=1/1439

    (۱):عورت کے سر کے بال ایک عضو کی حیثیت رکھتے ہیں؛ اس لیے اگر دوران نماز ماتھے پر یا کہیں اور چوتھائی سے کم بال نظر آجائیں تو عورت کی نماز فاسد نہ ہوگی؛ البتہ عورت کو چاہیے کہ نماز کے وقت سر کے تمام بال احتیاط کے ساتھ اچھی طرح چھپالیا کرے، اس میں کوتاہی نہ کرے۔ اور اگر نماز کے دوران کسی عورت کے کم از کم چوتھائی بال کھل گئے اور ایک رکن (یعنی: تین بار سبحان اللہ کہنے) کے بہ قدرکھلے رہے تو اس کی نماز فاسد ہوجائے گی(بہشتی زیور، ۲: ۹۱، نماز کی شرطوں کا بیان، مسئلہ: ۳)۔

    فشعر الحرة حتی المسترسل عورة فی الأصح وعلیہ الفتوی فکشف ربعہ یمنع صحة الصلاة الخ (مراقی الفلاح مع حاشیة الطحطاوي، ص : ۲۴۱، ط: دار الکتب العلمیة بیروت)، وفی الحرة ھذہ الثمانیة: ویزاد فیھا ستة عشر: ……الشعر(رد المحتار، کتاب الصلاة، باب شروط الصلاة، ۲:۸۳، ط: مکتبة زکریا دیوبند)۔

    (۲): اگر دوپٹہ یا چادر بہت باریک ہو کہ عورت کے سر بال جھلک رہے ہوں اور ایسے بالوں کی مقدار کم از کم چوتھائی ہوتو عورت کی نماز نہیں ہوگی۔بہشتی زیور میں ہے: باریک دوپٹہ اوڑھ کر نماز پڑھنا درست نہیں(۲: ۹۱نماز کی شرطوں کا بیان، مسئلہ: ۲)۔

    (۳، ۴): کہنی سے لے کر گٹے تک ایک عضو ہے؛ لہذا اگر نماز میں صرف ایک، دو یا تین انچ کلائیاں کھلی ہوئی ہوں تو نماز ہوجائے گی ؛ کیوں کہ یہ پورے عضو کی چوتھائی مقدار سے کم ہے؛ البتہ عورت کو نماز میں مکمل کلائیاں اچھی طرح ڈھانک لینی چاہیے۔

    وفی الحرة ھذہ الثمانیة: ویزاد فیھا ستة عشر: ……والذراعان مع الرسغین والصدر والرأس الخ (رد المحتار، کتاب الصلاة، باب شروط الصلاة، ۲:۸۳، ط: مکتبة زکریا دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند