• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 151794

    عنوان: صلاة التسبیح پڑھنے کا طریقہ بالتفصیل بتائیں

    سوال: براہ کرم حضرت عباس رضی اللہ تعالی عنہ اور حضرت عبد اللہ ابن المبارک دونوں کے صلاة التسبیح پڑھنے کا طریقہ بالتفصیل بتائیں۔

    جواب نمبر: 151794

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 986-951/N=9/1438

    صلاة التسبیح کا طریقہ یہ ہے کہ آدمی چار رکعت کی نیت باندھے اور ثنا اور قرأ ت سے فارغ ہوکر رکوع سے پہلے پندرہ مرتبہ تیسرا کلمہ ، یعنی: سبحان اللہ والحمد للہ ولا إلہ إلا اللہ واللہ أکبر پڑھے، اس کے بعد رکوع میں رکوع کی تسبیح کے بعد، قومہ میں ، ہر سجدے میں سجدے کی تسبیح کے بعد ، جلسہ میں اور دوسرے سجدے کے بعد قیام سے پہلے حالت تشہد کی طرح بیٹھ کر دس، دس مرتبہ یہ کلمہ پڑھے، اس طرح ایک رکعت میں یہ کلمہ کل ۷۵/ مرتبہ پڑھ جائے گا اور چاروں رکعتوں میں کل ۳۰۰/ مرتبہ۔ اور دوسری اور چوتھی رکعت میں دوسرے سجدے کے بعد پہلے دس مرتبہ تیسرا کلمہ پڑھا جائے، اس کے بعد التحیات پڑھی جائے ۔ یہ طریقہ حضرت عباسرضي الله عنه  کی روایت میں آیا ہے۔ اور حضرت عبد اللہ بن المبارک کی حدیث میں کسی بھی رکعت میں دوسرے سجدے کے بعد یہ کلمہ نہیں پڑھا جائے گا؛ البتہ ہر رکعت میں حالت قیام میں ثنا کے بعد اور قرأت سے پہلے پندرہ مرتبہ اور قرأت سے فارغ ہوکر اور رکوع سے پہلے دس مرتبہ پڑھا جائے گا (شامی ، ۲: ۴۷۱، مطبوعہ: مکتبہ زکریا دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند