• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 147815

    عنوان: صف کا درست کرنا

    سوال: عاجز کے ذہن میں یہ بات ہمیشہ تازہ رہتی ہے کہ نماز کی صف کے درمیان میں فاصلہ رکھنا دلوں میں پھٹن اور نا اتفاقیوں کا سبب ہے اور شیطان اسی جگہ صف میں شامل ہو کر وسوسے پیدا کرتا ہے ، اس لیے میں حتی الامکان کوشش کرتا ہوں کہ صف سیدھی رہے اور فاصلہ بھی نہ رہے لیکن اس معاملے مصلیان سے بڑی ہی بے احتیاطی کا مظاہرہ ہوتا ہے بلکہ کچھ کے بارے میں یہ کہنا بھی بالکل درست ہوگا کہ وہ فاصلہ رکھنے ہی کو ترجیح دیتے ہیں. اکثر مواقعوں پر قریب ہونے کا اشارہ کرنے پر لوگ برہم بھی ہو جاتے ہیں․ ایک مرتبہ : امامِ مسجد کی غیر موجودگی میں مجھے امامت کے لیے آگے کیا گیا تو میں نے ایک صاحب کو فاصلہ کم کرنے کے لیے کہا، وہ ہٹے نہیں بلکہ ذرا سا بازو کی طرف جھک گئے ، میں نے کہا، آپ ذرا سا ہٹ کر اس فاصلے کو کم کرلیجیے ، اس پر وہ صاحب اتنے ناراض ہوے کہ نماز ادا کیے بغیر ہی فوراً مسجد سے نکل گئے . الغرض : ایسی ہی باتیں اور واقعات اکثر مساجد میں دیکھنے اور سننے میں آتی رہتی ہیں، جو میرے لیے مستقل اضطراب کا باعث ہے ،اسلیے میں ایک مہم چاہتا ہوں کہ ہر مسجد میں پہنچ کر مقتدیوں کو امامِ مسجد کی موجودگی میں صف کے درست کرنے کی طرف متوجہ کرتا رہوں تاکہ ہم اسکے نقصانات سے بچ جائیں. لہٰذا : درخواست ہے کہ کتاب و سنت کی روشنی میں ایک جواب عنایت فرمائیں جس میں مندرجہ ذیل باتیں ہوں۱)صف کے درست کرنے سے کیا مراد ہے ؟ (۲) صف کا درست کرنا کیا ہے ؟ (فرض، سنت، مستحب، یا کچھ اور ). (۳)صف کے درست نا ہونے کے کیا نقصانات ہیں؟ (۳)اس کی ذمہ داری کس کی ہے ؟(امام یا مقتدی). نور محمد انعمداد ناندیڑ، مہاراشٹر

    جواب نمبر: 147815

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 530-573/M=5/1438

    (۱) کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے ہوں، درمیان میں فُرجہ (فاصلہ) نہ رہے، ہرشخص ٹخنے کو دوسرے کے ٹخنے کے برابر رکھے، صف (لائن) بالکل سیدھی ہو۔ صف درست کرنے سے یہی مراد ہے۔

    (۲) مسنون ومستحب ہے۔

    (۳) آپس میں نااتفاقی پیدا ہوتی ہے، شیطان وسوسے ڈالتا ہے، سنت سے محرومی ہوتی ہے۔

    (۴) ہرمقتدی کو اپنے طور پر صف درست کرنے کی فکر وکوشش کرنی چاہیے اور بطور خاص امام کو چاہیے کہ نماز شروع کرنے سے پہلے صفوں کی درستگی پر توجہ دیں اور صف صحیح کرانے کا اہتمام کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند