• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 147800

    عنوان: نماز میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا خیال آنا

    سوال: اگر نماز میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا خیال آنا جائے تو کیا حکم ہے ؟

    جواب نمبر: 147800

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 550-448/H=5/1438

    ایسی سورتیں یا آیاتِ مبارکہ کہ جن میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام نامی اسم گرامی یا تذکرہ ہے اور تشہد ودرود شریف وغیرہ نماز میں نمازی پڑھے گا تو لامحالہ حضرت سید الاولین والآخرین احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا تصور اور خیال تو آئے ہی گا، ایسے خیال سے تو نماز میں کمال پیدا ہوتا ہے، یہی عقیدہ حضرات اکابر علمائے حقیقی اہل سنت والجماعت اور ان کے متبعین کا ہے، بعض اکابر کی کتاب میں صرفِ ہمت کا بیان ہے یہ صوفیاء محققین کی ایک خاص اصطلاح ہے کچھ اہل باطل صرف ہمت کا ترجمہ ناسمجھی سے خیال کردیتے ہیں اور پھر عام مسلمانوں کو بہکانے کے عجیب عجیب انداز اختیار کرتے ہیں سو خوب سمجھ لیں کہ یہ الگ مسئلہ ہے اور نماز میں حضرت نبیٴ اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا خیال آنا یہ علیحدہ ہے، اللہ پاک اہل باطل کو بھی صراطِ مستقیم سمجھ کر چلنے اور حفظ ایمان کی توفیق عطاء فرمائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند