• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 146570

    عنوان: امام کے اللہ اکبر کے تلفظ میں غلطی محسوس ہونا؟

    سوال: ہمارے یہاں امام جو ہیں وہ نماز میں جب اللہ اکبر کہتے ہیں تو ایسا لگتا ہے جیسے اَلااللہ اکبر (Allallahu Akbar) کہتے ہیں، اور یہ میں ہی نہیں بلکہ پوری بستی کے لوگ اس بات کو کہتے ہیں کہ وہ اَلا اللہ اکبر کہتے ہیں، اور اذان میں یا ایسے کہلایا جاتا ہے تو صحیح اللہ اکبر کہتے ہیں، اور ان سے کہا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ میں صحیح پڑھتا ہوں، اور ہمارے یہاں ایک مفتی صاحب سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ پڑھا سکتے ہیں، مگر امامت کے معاملے میں زیادہ لوگ ان سے خوش نہیں ہیں۔ اور وہ دارالعلوم سے پڑھے ہوئے عالم ہیں اور وہ ایک شریف انسانوں میں جانے جاتے ہیں۔ برائے مہربانی، ان کی امامت کے بارے میں قرآن شریف و حدیث سے اس کا جواب دیں۔

    جواب نمبر: 146570

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 253-241/M=2/1438

     

    صورت مسئولہ میں جب کہ امام صاحب عالم دین ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ میں صحیح پڑھتا ہوں اور اذان میں یاخارج میں کہلوانے سے اللہ اکبر صحیح ہی پڑھتے ہیں تو پھر ان کی بات پر اعتبار کرنا چاہئے نماز ان کے پیچھے ہو جاتی ہے جب پڑھنے والا پورے یقین و وثوق سے کہتا ہے کہ میں تو صحیح پڑھتا ہوں اور خارج میں صحیح پڑھنے سے اس کی تائید بھی ہوتی ہے تو ممکن ہے کہ سننے والوں کو دوری کی وجہ سے یا کسی اور سبب سے صاف نہ سنائی دیتا ہو لیکن اگر یہ حقیقت ہے کہ اکثریت کو ایسا ہی سنائی دیتا ہے کہ وہ الا اللہ اکبر کہتے ہیں تو پھر امام صاحب کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کسی ماہر قاری صاحب کو سنا کر اصلاح فرمالیں تاکہ مقتدیوں کو کسی قسم کا خلجان باقی نہ رہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند