• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 11111

    عنوان:

    اگر کسی نماز میں دوسجدہ کیبجائے ایک ہی سجدہ ادا ہوتا ہے تو کیا کرنا چاہیے؟ (۲)اگر ممکن ہوسکے تومیری بیوی کے لیے مستورات کی نماز کی تفصیلات جس میں ان کی نماز مردوں سے جہاں مختلف ہے اس کی وضاحت کرکے بھیج دیں(یا کسی کتاب کا نام بتادیں)۔ (۳)نماز میں خشوع اور خضوع کیسے پیدا کیا جائے؟

    سوال:

    اگر کسی نماز میں دوسجدہ کیبجائے ایک ہی سجدہ ادا ہوتا ہے تو کیا کرنا چاہیے؟ (۲)اگر ممکن ہوسکے تومیری بیوی کے لیے مستورات کی نماز کی تفصیلات جس میں ان کی نماز مردوں سے جہاں مختلف ہے اس کی وضاحت کرکے بھیج دیں(یا کسی کتاب کا نام بتادیں)۔ (۳)نماز میں خشوع اور خضوع کیسے پیدا کیا جائے؟

    جواب نمبر: 11111

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 326=226/ل

     

    (۱) اگر ایک سجدہ بھولے سے چھوٹ جائے تو اس کو دوسری رکعت میں ادا کرلے او راخیر میں سجدہٴ سہو کرلے اور اگر نماز میں ادا نہ کیا تو نماز درست نہ ہوگی، اس کا لوٹانا ضروری ہے۔ (طحطاوی علی مراقي الفلاح: ۲۵۲)

    (۲) عورتوں کی نماز مردوں کی نماز سے چند جگہوں میں مختلف ہوتی ہے۔ (ا) عورتوں کو چہرہ اور دونوں ہاتھ گٹوں تک اور پاوٴں ٹخنوں تک کے سوا تمام بدن کا چھپانا فرض ہے، سر کے بال بھی کھلے نہ رہیں۔ (ب) عورت نماز شروع کرتے وقت دونوں کندھوں تک ہاتھ اٹھائے، کانوں تک ہاتھ نہ اٹھائے۔ (ج) نیت باندھتے وقت دونوں ہاتھ سینہ پر رکھے۔ (د) نماز میں آہستہ قرأت کرے۔ (ھ) عورت سجدہ سمٹ کر کرے، یعنی پیٹ کو ران سے اور بازوٴوں کو دونوں پہلووٴں سے ملادے۔ (و) عورت دونوں قعدوں میں دونوں پاوٴں داہنی طرف نکال کر سرین پر بیٹھے (نماز احناف: ۱۰۶، ۱۰۵) (ز) عورت رکوع میں صرف اتنی مقدرا جھکے کہ ہاتھ گھٹنوں تک پہنچ جائیں، پیٹھ سیدھی نہ کرے۔ (ح) رکوع میں عورت انگلیاں ملاکر ہاتھ گھٹنوں پر رکھ دے اور ہاتھ پر زور نہ دے اور پاوٴں جھکے ہوئے رکھے ان کو بالکل سیدھا نہ کرے۔ (ط) جتنا ہوسکے سکڑکر رکوع کرے۔ (ی) نیت باندھتے وقت سینہ پر ہاتھ رکھے اس طرح کہ داہنے ہاتھ کی ہتھیلی کو بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کی پشت پر رکھ دے، حلقہ نہ بنائے (فتاویٰ رحیمیہ: ۵/۳۳و ۵/۷۴ مطبوعہ دارالاشاعت پاکستان)

    (۳) نماز میں اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ اللہ تعالیٰ کو دیکھ رہے ہیں، اگر یہ نہ ہوسکے تو یہ خیال کرنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دیکھ رہے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند