• معاشرت >> اخلاق و آداب

    سوال نمبر: 53988

    عنوان: ایک بیوی کے کیا حقوق ہیں ؟ کتنے دن تک مباشرت نہ کرنے پر تو اس کا حق پورا نہیں ہوتا؟

    سوال: ایک بیوی کے کیا حقوق ہیں ؟ کتنے دن تک مباشرت نہ کرنے پر تو اس کا حق پورا نہیں ہوتا؟

    جواب نمبر: 53988

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1191-987/H=10/1435-U (۱) بیوی کے دین وایمان عفت وعصمت عزت وآبرو کی حفاظت کرے، اس کے ساتھ حسن معاشرت سے رہے کھانے پینے اور رہنے سہنے میں عمدگی کو ملحوظ رکھے، کوئی بات ناگوار پیش آجائے تو نرمی شفقت حکمت سے اس کو سمجھاتا رہے اس کے والدین بھائی بہن اور دیگر اعزہ کی تعظیم وتکریم کرے، چھوٹوں کے ساتھ شفقت ومحبت کا برتاوٴ رکھے، بات بات پر ناک منھ نہ چڑھائے، جن مسائل کی اس کو ضرورت درپیش ہو ان کو خود بتائے یا علماء سے تحقیق کرکے اس کو سکھلاتا رہے، بہشتی زیور، حیات المسلمین، تعلیم الاسلام، فضائل اعمال، فضائل صدقات، منتخب احادیث وغیرہ کتب معتبرہ میں سے مناسب انتظام کرکے اس کو سناتا رہے۔ (۲) صحت وقوت اورخواہش جماع میں تمام عورتوں کا حال یکساں نہیں ہوتا بیوی کی حالتِ موجودہ کو ملحوظ رکھ کر مناسب مدت میں مباشرت وجماع کا انتظام رکھے، عام حالات اور صحت وقوت کی عمدگی میں زیادہ سے زیادہ چار ماہ کی مدت حضراتِ فقہائے کرام نے تجویز فرمائی ہے، اس سے زائد مدت میں عامة مباشرت نہ ہونے کی صورت میں عورت کو پریشانی لاحق ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند