• معاشرت >> اخلاق و آداب

    سوال نمبر: 42673

    عنوان: ماں باپ كی خوشنودی كے لیے ساتھ رہنا

    سوال: ایک ماں باپ کے مثلاً دو بیٹے ہیں۔ اور دونو ں کی والدین نے شادی کردی اب دونوں بیٹے اپنی زوجہ کے ساتھ والدین کے ساتھ ہی رہتے ہیں والدین کی وجہ سے کہ وہ اسی سے خوش رہتے ہیں۔ شرعی حیثیت سے یہ درست ہے یا نہیں؟ مقصد یہ ہے کہ ان کے ساتھ رہنے میں کچھ نہ کچھ بے پردگی کا اندیشہ تو ہوتا ہے جیسے ساری فیملی ایک دستر خوان پر کھانا کھاتی ہے اور آمنا سامنا ہوتا ہے جیٹھ اور دیور کا-

    جواب نمبر: 42673

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 12-73/D=2/1434 ماں باپ کی خوشنودی کے لیے اپنی زوجہ کے ساتھ اسی مکان میں رہنا بہت مناسب ہے، اس سے والدین کی خوشی بھی حاصل ہوگی اور والدین کی کچھ خدمت کا موقع بھی ملے گا۔ مگر گھرکے دوسرے افراد دیور جیٹھ سے اس قدر پردہ تو ضروری ہوگا کہ بے محابا آمنا سامنا نہ ہو، اور بے تکلف گفتگو یا ہنسی مذاق کی نوبت نہ آئے، دسترخوان پر عورتوں مردوں کا (جب کہ کچھ نامحرم بھی ہوں) ایک ساتھ کھانا بھی مناسب نہیں ہے، عورتیں علیحدہ دسترخوان پر کھائیں مرد لوگ علیحدہ کھائیں۔ ان نامحرموں سے انداز پردہ کا ساہی ہونا ضروری ہے، جسم کا کوئی حصہ ان کے سامنے کھلا نہ رکھیں، کپڑا چُست یا باریک یا شوخ پہننے کی حالت میں ان کے سامنے نہ آئیں، اس طرح کی احتیاط ضروری ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند