• معاشرت >> اخلاق و آداب

    سوال نمبر: 30737

    عنوان: میرے والدین ایک دوسرے سے کئی سالوں سے ناراض ہیں۔

    سوال: میرے والدین ایک دوسرے سے کئی سالوں سے ناراض ہیں۔ والدہ اکثرمیرے سامنے والد کے بارے میں بات کرتی ہیں جیسے ان کی شکایتوں یا ان کی طرف سے ہونے والی زیادتی ۔ (۱) کیا اپنے والد کے بارے میں یہ کچھ سننا غیبت زمرے میں تو نہیں آتا۔ (۲) اگر والدین میں جھگڑا ہو جائے اور والدہ حق پہ ہوں تو والدہ کے ساتھ دینے میں کچھ مضائقہ تو نہیں جب والد کے ساتھ اونچی آواز میں بات کرنی پڑے (۳) اگر والدین کوئی کام کرنے کو کہیں جس پر اپنی طرف سے کوئی عذر پیش کرنے پر وہ خاموش ہو جائیں یا وہ کام کرنے پر اصرار نہ کریں، کیا یہ نافرمانی تو نہیں؟ براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 30737

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(م): 523=523-4/1432 (۱) اصلاح حال کی نیت سے سن لینے کی گنجائش ہے۔ (۲) والدہ حق پر ہوں تو والدہ کا ساتھ دینے میں مضائقہ نہیں، ٹھیک ہے، لیکن معاملے کی نزاکت یہ ہے کہ مخالف خود والد ہیں لہٰذا اس کا خیال بھی ضروری ہے کہ والد کی بے ادبی اور گستاخی نہ ہوجائے، ادب واحترام کو ملحوظ رکھتے ہوئے حکمت ونرمی کے ساتھ معاملہ سلجھانے کی کوشش کی جائے۔ (۳) والدین اگر کسی جائز امر کا حکم کریں تو بلاوجہ ٹال مٹول کرنا صحیح نہیں،ان کی اطاعت لازم ہے، ہاں اگر کوئی واقعی عذر ہو اور فوری طور پر تعمیل دشوار ہو تو ان سے مناسب طریقے پر معذرت کردیں، تاکہ ان کی دل شکنی نہ ہو اور ان کی ناراضگی سے محفوظ رہ سکیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند