• عبادات >> ذبیحہ وقربانی

    سوال نمبر: 603607

    عنوان:

    غیر مسلم مندر کے سامنے جانور ذبح کراکے دعوت دے تو اس کی دعوت قبول كرنے كا كیا حكم ہے؟

    سوال:

    مسئلہ یہ ہے کہ کسی مسلمان کا مندر کے پاس جانور حلال (اللہ کا نام لیکر) کرنے سے حلال ہوگا یا نہیں؟ واقعہ یہ ہے کہ غیر مسلم مسلمانوں سے کہتے ہیں کہ مندر آکر جانور ذبح کرو اور ذبح ہونے کے بعد سارے ہی لوگوں کو ( مسلم اور غیر ) کو کھانے کی دعوت دیتے ہیں، کیا اس غیر مسلم کی دعوت کو قبول کرسکتے ہیں یا نہیں؟ اور ایک مسلمان کا مندر جاکر جانور کو ذبح کرنا کیساہے؟ 2)نیز فتاوی ہندیہ کی عبارت "مسلم ذبح شاة المجوسی لبیت نارھم أوالکافر لالھتھم توکل لأنہ سمی اللہ تعالیٰ" (فتاوی عالمگیری جلد 5 ص : 286) اور معارف القرآن میں "وما اھل بہ لغیراللہ" (سورہ مائدہ آیت نمبر3) کی تفسیر کہ "جس جانور کی نسبت غیراللہ کی طرف ہو اگرچہ اسکو بسم اللہ پڑھ کر بھی ذبح کیا جا? تو وہ حرام ہے". دونوں باتیں بظاہر متضاد ہیں آپ مفتی بہ قول کی تعیین کرکے مدلل جواب عنایت فرما کر عند اللہ ماجوج ہوں۔

    جواب نمبر: 603607

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:397-409/L=6/1442

     کسی مسلمان کا مندر جاکر جانور ذبح کرنا جائز نہیں ، یہ ذبیحہ ”وماذبح علی النصب“ میں داخل ہوکر حرام ہے ؛کیونکہ ہنود اس ڈھانچے کی تعظیم کے طور پر وہاں جانور ذبح کراتے ہیں؛لہذا اگر کوئی غیر مسلم مندر کے سامنے ذبح کراکر دعوت دے تو اس کی دعوت قبول نہ کی جائے بلکہ اس کو نرمی سے سمجھا دیا جائے کہ ہمارے لیے اس طرح کا کھانا جائز نہیں، قرآن نے منع کیا ہے ۔معارف القرآن اور اسی طرح دیگر کتب فقہ وفتاوی سے اسی کی تائید ہوتی ہے ،جہاں تک ہندیہ کی عبارت کا تعلق ہے تو انھوں نے تارتار خانیہ سے اور تاتار خانیہ نے جامع الفتاوی کے حوالہ سے یہ مسئلہ ذکر کیا ہے ،جبکہ صاحب بحر نے جامع الفتاوی کے حوالہ سے ہی عدم ِ جواز کی بات نقل کی ہے ؛لہذا مذکورہ بالا تصریحات اور صاحب بحر کی نقل کے مطابق ہم یہ کہہ سکتے ہیں ہندیہ اور تاتار خانیہ میں مسئلہ کے نقل کرنے میں سہو ہوا ہے اور مفتی بہ قول وہی ہے جو البحرالرائق ،معارف القرآن یا دیگر کتب ِ فقہ میں مذکور ہے ۔

    وفی جامع الفتاوی ذبح شاة مجوسی لأجل بیت نارہم، أو ذبح کافر لآلہتہم لا تؤکل ذبیحتہم․ (البحر الرائق شرح کنز الدقائق ومنحة الخالق وتکملة الطوری 8/ 192)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند