• عبادات >> ذبیحہ وقربانی

    سوال نمبر: 58039

    عنوان: جو مرغی مشین پر ذبح کی جاتی ہے کیا وہ حلال ہے؟

    سوال: جو مرغی مشین پر ذبح کی جاتی ہے کیا وہ حلال ہے؟ ہوتا یہ ہے کہ مرغیوں کو مشین پر لٹکا دیا جاتاہے پھر ایک شخص تکبیر پڑھ کر بٹن دباتاہے جس سے مشین پر لگا بلیڈ چلنا شروع ہوجاتاہے اور مرغیاں خود بخود ذبح ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔میں نے ایک جگہ پڑھا تھا کہ اس صورت میں پہلی مرغی حلال ہوجائے گی باقی نہیں؟ کیوں کہ تکبیر صرپہلی مرغی پر پڑھی جاتی ہے، ہر مرغی پر تکبیر پڑھنا ضروری ہے، کیا یہ صحیح ہے؟ نیز ہوٹلوں میں جو گوشت کی ڈش ہوتی ہیں، کیا ان کا کھانا صحیح ہے؟ کیوں کہ ہمیں کیا پتا کہ قصائی نے جانور کو ذبح کرنے سے پہلے تکبیر پڑھی تھی یا نہیں؟ نیز یہ بھی ہوسکتاہے کہ قصائی شیعہ ہو؟ اس صورت میں ہمارے لیے کیا حکم ہے؟

    جواب نمبر: 58039

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 412-340/D=5/1436-U صورت مسئولہ میں اگر بٹن دباتے وقت تکبیر پڑھ لی جائے اور مرغی کی مطلوبہ رگیں کٹ کر پورا خون نکل جائے تو اگرچہ یہ طریقہ خلاف سنت ہونے کی وجہ سے مکروہ اور غلط ہے لیکن صرف پہلی مرغی حلال ہوگی بشرطیکہ بٹن دبانے اور مرغی ذبح ہونے میں ایک آدھ منٹ سے زیادہ کی تاخیر نہ ہو جہاں تک تعلق ہے ہوٹلوں میں پکائے گئے گوشت کا تو اگر یہ یقین یا ظن غالب ہو کہ اس کے ذابحین مسلمان ہیں اور انھوں نے اسلامی طریقہ پر ذبح کیا ہے تو اس گوشت کو استعمال کرنے کی گنجائش ہے، محض شک وشبہ کی بنیاد پر حرام ہونے کا حکم نہیں لگایا جاسکتا البتہ اس سلسلہ میں دور حاضر کی بے احتیاطوں کے پیش نظر ایسے ہوٹلوں میں گوشت نہ استعمال کرنا ہی بہتر ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند