• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 69720

    عنوان: نو مسلمہ سے زنا ہوگیا، بچی ہو گئی، اس سے شادی چاہتا ہوں؟

    سوال: میری شادی ہوچکی ہے اور میں نے ایک شادی شدہ عورت کے ساتھ زنا کرلیا (حال ہی میں اس نے عیسائیت سے اسلام قبول کیا ہے، سرکاری کاغذات کے مطابق نہیں، بلکہ اس نے صر ف کلمہ پڑھا ہے)، شدت شہوت کی وجہ سے یہ غلطی ہوگئی جب کہ ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا ، اس سے وہ حاملہ ہوگئی اور اس نے ایک لڑکے کو جنم دیاہے، تب سے آج تک میں اس کی مالی مدد کررہاہوں، اب ہم دونوں ایک ملک میں نہیں ہیں، بلکہ ایک دوسرے سے بہت دور ہیں، ہمیں اپنی غلطی کا احساس ہورہاہے اور دل سے معافی مانگ رہے ہیں، میری بیوی کو اس بارے میں کچھ معلومات نہیں ہیں، میں کسی کو بتانا نہیں چاہتاہوں، کیوں کہ اس سے اس طرف کے لوگوں کی زندگی برباد ہوجائے گی، میں اس عورت سے شادی کرنا چاہتاہوں اور اپنے تعلقات کو حلال کرنا چاہتاہوں، اس کو تنہا چھوڑ کر مجھے اپنی غلطی کا احساس ہورہاہے، کیا میں اس عورت سے شادی کرسکتاہوں؟جو بچہ پیدا ہواہے ، کیا میں اس کو اپنی فیملی کا نام دے سکتاہوں؟ براہ کرم، مشور ہ دیں۔

    جواب نمبر: 69720

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1453-1478/H=01/1438

    آپ نے شادی شدہ ہونے کے باوجود ایک شادی شدہ عورت سے زنا کیا یہ بہت بڑے گناہ کا ارتکاب کیا جس سے سچی پکی توبہ کرنا آپ پر واجب ہے اور اب اسی عورت سے شادی کرنے کے چکر میں پڑے ہوئے ہیں یہ اور ستم بالائے ستم ہے، اس واہی تباہی خیالِ فاسد سے بھی سچی پکی توبہ کرکے اپنی اصلاح کرکے اپنی بیوی بچوں کے ساتھ حسنِ معاشرت سے گذر بسر کا انتظام صحیح کیجئے رہا اُس عورت کا معاملہ اگر وہ سچے دل سے مذہبِ اسلام کو حق سمجھ کر قبول کرنا چاہتی ہے تو قبول کرلے گی اور پھر سرکاری کاغذات میں اپنے مسلمان ہونے کی کارروائی کی تکمیل کرالے گی، اُس کے بعد وہ خود جس سے چاہے گی اپنے نکاح کا معاملہ بھی حل کرلے گی مگر آپ کا اُس سے تعلق رکھنا بلا ضرورتِ شدیدہ بات چیت کرنا خلوت اور بے پردگی اختیار کرنا وغیرہ سب امور آپ کے حق میں حرام ہیں جو بچہ پیدا ہوا ہے اُس کا نسب بھی آپ سے شرعاً ثابت نہیں ہوگا اس بچہ کو نہ اپنے خاندان کا فرد قرار دینا آپ کے لیے درست ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند