• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 69276

    عنوان: غیروں کے مذہبی پروگراموں میں شرکت

    سوال: میری بیوی اور اس کے گھروالوں نے مجھے مڈیٹیشن (مراقبہ/غور و فکر)کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جسے کونٹم میڈیٹیشن(quantum meditation) کہا جاتاہے ۔ تفصیلات انٹرنیٹ میں موجود ہیں۔ ان کا طریقہ یہ ہوتاہے کہ وہ تمام مذہبی لوگوں کو اپنے پروگرام میں بلاتے ہیں، ان کے مطابق مذہبی رسومات مختلف ہیں، مگر تمام مذاہب کی روح ایک ہی ہے۔ان کا مقصد ہمیں منفی اور نقصان دہ خیالات سے نجات دلانا ہے اور ایسی زندگی پیدا کرنا ہے جو اپنے لیے اور دوسروں کے لیے بہتر ہو، وہ ہمیں خود احتسابی اور خود اشناسی کے ذریعہ اپنے آپ کی تطہیر کے لیے راستہ دکھاتے ہیں۔ مجھے اندیشہ ہے کہ کہیں یہ شرکیہ حرکتیں تو نہیں ۔ براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 69276

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1156-1151/M=12/1437

    غیروں کے مذہبی پروگراموں میں شرکت سے احتراز لازم ہے، مراقبہ (خود احتسابی) خود اسلام میں موجود ہے بندہ تمام مصروفیات و خیالات سے یکسو ہوکر بیٹھ کرغور کرے کہ اس نے آج خدا کو راضی کرنے والے کتنے اعمال کئے اور ناراضگی والے اعمال کتنے کئے؟ خدا کو راضی کرنے والے اعمال کی انجام دہی پر خدا کا شکر ادا کرے اور جتنے کام خدا کی ناراضگی کے ہوئے ہیں ان سے توبہ استغفار کرے اور آئندہ ایسے کاموں سے بچے اعمال کی درستگی اور نفس کے تزکیہ کے لیے مراقبے کا مذکورہ طریقہ اختیار کریں اس سے روحانی ترقی حاصل ہوگی، کسی غیر کے پروگرام میں جانا صحیح نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند