• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 68326

    عنوان: کیا غیر سید کی اولاد سید ہوتی ہے ؟

    سوال: امید بعافیت ہوں گے ، میرا سوال یہ ہے کہ اگر کوئی سیدہ کا نکاح غیر سید لڑکے سے ہو تو جو اولاد ہوگی وہ سید ہوگی یا نہیں۔اگر نہیں تو حضرت فاطمہ رض کی اولاد کو سید کہنے کہ وجہ؟ اگر یہ صرف انکی خصوصیت تھی تو برائے مہربانی کسی کتاب کا حوالہ دیں جس میں اس خصوصیت کا ذکر ہو ۔

    جواب نمبر: 68326

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1199-1188/N=11/1437 (۱، ۲) : نسب میں اعتبار باپ کا ہوتا ہے، ماں کا نہیں؛ اس لیے اگر کسی سیدہ خاتون کا نکاح کسی غیر سید مرد سے ہوا تو دونوں سے جو اولاد ہوگی وہ سید نہ ہوگی ، غیر سید ہی ہوگی، البتہ حضرت فاطمہ  کے سیدة النساء ہونے اور ان کی غایت شرافت کی وجہ سے ان کی اولاد اس سے مستثنی ہے، یعنی: ان کا نسب تو حضرت علی سے ہی ثابت ہے ، البتہ یہ حضرات: حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے واسطہ سے بحیثیت نواسے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف بھی منسوب ہیں، اسی وجہ سے ان کو اولاد رسول کہا جاتا ہے اورعرف میں یہی حضرات سید کہلاتے ہیں (فتاوی دار العلوم دیوبند ۱۱: ۷۵، سوال: ۱۲۲۰، مطبوعہ: مکتبہ دار العلوم دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند