• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 66552

    عنوان: ماشاء اللہ عمدہ خواب ہے تعبیر یہ ہے کہ خواب میں دو باتوں کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔

    سوال: کچھ دن پہلے فجر اور اشراق کی نماز کے بعد کھانا کھاکر سوگیا ، اس وقت تقریباً صبح دس بج رہے تھے ، میں گہری نیند میں تھا کہ اچانک مجھے احتلام ہوگیا تو میری آنکھ کھلی ، لیکن پھر بھی مجھ پر نیند کا غلبہ تھاتو میں سوگیا کہ ظہر سے پہلے اٹھ کر غسل کرلوں گا ، تبھی تھوڑی دیر بعد خواب میں دیکھتاہوں کہ میں گھومتے گھومتے مدینہ پہنچا ، وہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس لگی ہے جس میں حضور دیوار سے ٹیک لگا کر بیٹھے ہیں اور کچھ لوگ آپ کے سامنے سر نیچے کئے بیٹھے ہیں ، مجھے صرف حضور کا پیر اور دوسرے لوگوں کی پیٹھ ہی دکھی ، میں جیسے ہی وہاں بیٹھا حضور نے اپنی مجلس برخواست کردی اور کہا کہ ہم ناپاک لوگوں کے ساتھ نہیں بیٹھتے اور اٹھ کر چلے گئے ، اس کے بعد خواب میں ہی میں نے سوچا کہ آپ مجھے وہاں نکال سکتے تھے، میری وجہ سے پوری مجلس کیوں برخواست کردی تو آگے خواب میں مجھے حضرت عمر (رضی اللہ عنہ )کا واقعہ یاد آگیا کہ ایک مرتبہ حضرت عمر کے دربار میں کچھ مشورہ چل رہاتھا تو کسی کی ریح خارج ہوگئی تو حضرت عمر نے غصے سے کہا کہ کون ہے وہ بد تمیز ، جاؤ جا کہ وضو کرو تو کوئی نہیں اٹھا تو کسی نے ان کو مشورہ دیا کہ ہم سب جاکے وضوکرلیتے ہیں تاکہ ہمارے اس بھائی کی عزت بیچ جائے اور اس سے کسی کو پتا نہیں لے گا کہ کس کی ریح خارج ہوگئی تو میں نے خواب میں یہ سوچا کہ شاید حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے میری عزت کی خاطر اپنی مجلس کو برخواست کیا اور تبھی میری نیند کھل گئی ۔ براہ کرم، خواب کی تعبیر بتائیں۔

    جواب نمبر: 66552

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 925-915/H=9/1437

     

    ماشاء اللہ عمدہ خواب ہے تعبیر یہ ہے کہ خواب میں دو باتوں کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔

    (۱) تقوی و طہارت میں کمی ہے اس کی پورتی اتباعِ سنت سے ہوگی۔

    (۲) ہر شخص سے اچھا گمان رکھنے اور بد گمانی سے بچتے رہنے میں بھی کمی ہے اور اس کی اصلاح کی صورت یہ ہے کہ اپنے اندر جو عیوب ہیں ان پر ہر وقت نظر رکھنی چاہئے اور دوسرے کے اندر کی اچھائیوں کو غور کرکے دیکھتے رہیں اس سے اداء حقوق کی توفیق ہوگی اور حق تلفی سے ان شاء اللہ حفاظت ہوگی اور ان امور میں استقامت پیدا ہوجانے سے دنیا و آخرت کی بلندی نصیب ہوتی ہے۔ اللہ پاک آپ کو خواب کے برکات سے متمتع فرمائے اور سعادت دارین سے نوازے مکارہ سے محفوظ رکھے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند