• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 63683

    عنوان: مستقل مزاجی كے لیے چار كام كریں

    سوال: عرض یہ ہے کہ میں اپنی غیر مستقل مزاجی سے پریشان ہوں، کبھی بالکل دنیادار بن جاتی ہوں اور کبھی دینی۔ حال یہ ہے کہ پہلے پردہ نہیں کرتی تھی، ایک دن دل میں آیا تو کرنے لگی ، پھر کچھ ماہ بعد چھوڑدیا ، اب پھر کرنے لگی ہوں دو سال بعد۔ یونیورسٹی بیچ میں چھوڑ دی تھی ، پھر ایک سال بعد مدرسہ میں داخلہ لیا، چار ماہ بعد چھوڑدیا ، پھر اب حفظ میں داخلہ لیا ہے۔ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 63683

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 413-396/N=4/1437 آپ چار کام کریں، ان شاء اللہ آپ کے اندر مستقل مزاجی اور دائمی دین داری پیدا ہوگی: (۱) مسنون دعاوٴں کا خوب اہتمام کیا کریں، بالخصوص وہ دعائیں جو حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مختلف اوقات اور احوال میں مروی ہیں۔ (۲) یہ دعا کثرت سے پڑھا کریں: اللّٰہَُّ اہْدِنِیْ وسَدِّدْنِیْ۔ (۳) ہر اہم کام سے پہلے استخارہ اور استشارہ کریں، یعنی: پہلے اللہ رب العزت سے خیر کی دعا کریں، اور والد صاحب، بڑے بھائی، کسی سمجھ دار استانی یا دین دار خاتون سے مشورہ کریں، اس کے بعد استخارہ اور مشورے کے مطابق اس کام کے متعلق کوئی فیصلہ لیں۔ (۴) اور یہ دعا بھی کثرت سے پڑھا کریں: یَا مُقَلِّبَ القُلُوْبِ! ثَبِّتْ قَلْبِیْ عَلٰی دِینِک۔ اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ خیر کا معاملہ فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند