• عبادات >> دیگر

    سوال نمبر: 63652

    عنوان: عورت کے لیے سجدے کا مسنون طریقہ

    سوال: عورت سجدہ ایسے کرے کہ پیٹ پاؤں سے مل جائے اور بازو پہلووٴں سے ، لیکن میری بیوی سات مہینے کے حمل سے ہے ، سجدہ کرنے میں مذکورہ طریقے میں دقت ہوتی ہے اور ناک و پیشانی زمین پر اس طریقے سے نہیں پہنچ پارہی ہے تو ایسی حالت میں کیا طریقہ ہے؟ وضاحت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 63652

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 405-389/N=4/1437 عورت کے لیے سجدے کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ سجدے میں پیٹ کو رانوں سے اور بازوٴوں کو پہلوٴوں سے اچھی طرح ملادے اور خوب دب کر اور سمٹ کر سجدہ کرے (نور الایضاح مع حاشیة الطحطاوی علی المراقی ص ۲۶۸، مطبوعہ: دار الکتب العلمیہ بیروت، درمختار وشامی ۲۱۱۲، مطبوعہ مکتبہ زکریا دیوبند)، لیکن عذر کی حالت اس سے مستثنیٰ ہے؛ اس لیے صورت مسئولہ میں اگر عورت سات ماہ کے حمل کی وجہ سے مسنون طریقہ پر سجدہ نہیں کرسکتی تو جس طرح بآسانی وسہولت اس کی ناک اور پیشانی زمین پر پہنچ سکتی اور ٹک سکتی ہو، اس طرح سجدہ کرلے، صورت مسئولہ میں عذر کی وجہ سے اس طرح اس کا سجدہ بلا کسی کراہت ادا ہوجائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند