• معاشرت >> دیگر

    سوال نمبر: 63594

    عنوان: قرآن وحدیث کی عربی سیکھنے کا آسان طریقہ کیا ہے؟ نیز مسلمان ہونے کے لیے کیا کسی امام کا ماننا ضروری ہے؟

    سوال: قرآن اور حدیث کی عربی سیکھنے کا آسان اور تیزطریقہ کیا ہے؟ تاکہ میں خود ترجمہ کرسکوں ؟اور کیا کسی امام کو مانے بغیر انسان مسلمان نہیں ہوسکتا؟ کیا قرآن وحدیث میں لکھا ہے کہ کسی امام کو مانا جائے؟

    جواب نمبر: 63594

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 448-448/M=5/1437 (۱) اس کے لیے پہلے آپ کو بنیادی علوم صرف، نحو، ادب وغیرہ پڑھنا پڑے گا، ان موضوعات پر کتابیں دستیاب ہیں لیکن کونسی کتاب اور کونسا طریقہ سہل ہوگا اس کے لیے آپ کسی معتبر عالم وماہر استاد سے رابطہ کریں اور ان سے روزانہ تھوڑا تھوڑا پڑھا کریں، وہ آپ کی ذہنی صلاحیت اور محنت کو سامنے رکھ کر مفید طریقہ تجویز کریں گے اور قرآن وحدیث کو از خود سمجھنے کے بجائے کسی معتبر استاد کی راہنمائی میں سمجھیں۔ (۲) مسلمان ہونے کے لیے کسی امام کی تقلید لازم وضروری نہیں؛ لیکن چونکہ احکام شرعیہ کا تفصیلی علم ائمہ اربعہ کے ذریعہ امت کے افراد کو ملا ہے اس وجہ سے اِن ائمہ میں سے کسی ایک کی تقلید درحقیقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت ہے اور ان کے استخراج شدہ مسائل پر عمل دراصل احکامِ شرعیہ پر عمل ہے؛ اس لیے احکام میں ان کی تقلید کرنا یہ قرآن وحدیث کو چھوڑنا نہیں ہے، نیز صحابہ وتابعین خود ایک دوسرے سے پوچھ پوچھ کر احکامِ غیر معلومہ پر عمل کرتے تھے اور قرآن میں اس کا حکم بھی آیا ہے، اسی طرح اولو الامر کی اطاعت کا رب ذو الجلال نے اپنی اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ا طاعت کے ساتھ حکم دیا ہے اور خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی صحابہ کی اطاعت کا حکم دیا ہے جیسا کہ نصوص صریحہ صحیحہ اس پر شاہد ہیں، البتہ متعین طریقہ سے کسی ایک امام کی تقلید اِتباعِ نفسِ انسانی کو خواہشات سے روکنے اور احکامِ شرعیہ میں اتباعِ ہویٰ سے بچانے کے لیے ہے؛ اس لیے علماء کا اجماع ہے کہ افرادِ امت کے لیے ائمہ اربعہ کے مسالک کی تدوین واشاعت کی وجہ سے کسی ایک مسلک کو ماننا اور اس کے مطابق عمل کرنا لازم وضروری ہے تاکہ احکامِ خداوندی کو صحیح طریقہ سے بجالایا جاسکے اور خواہشات کی پیروی سے بچاجاسکے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند