• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 62226

    عنوان: کیا اللہ کے فضل سے ملی ہوئی روزی سے مستعفی ہونا اسلام کے مطابق صحیح ہے؟

    سوال: میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں پچھلے چار سال سے سوفٹ وئیر انجینئر کی پوسٹ پہ کام کررہا ہوں اور میری تنخواہ بھی اللہ کے شکر سے اچھی ہے، مگر پرائیویٹ ملازمت میں ہونے کی وجہ سے میں ہمیشہ تحفظ ملازمت کے سلسلے میں پریشان رہتاہوں اور اس وجہ سے مجھے کام میں من نہیں لگتا، ابھی میری شادی نہیں ہوئی ہے اور اب میں سرکاری ملازمت کی تیاری کرنے کے ملازمت سے استعفی دینا چاہتاہوں۔ میرا سوال یہ ہے کہ کیا اللہ کے فضل سے ملی ہوئی روزی سے مستعفی ہونا اسلام کے مطابق صحیح ہے؟ اس معاملے میںآ پ سے شریعت کی رہنمائی میں مفید مشورے اور دعا کا طلب گار ہوں۔

    جواب نمبر: 62226

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 172-153/H=2/1437-U جب حلال روزی کا اللہ پاک نے دروازہ کھول رکھا ہے اور تنخواہ بھی ماشاء ا للہ اچھی مل رہی ہے تو موہوم زیادتی اور خیالی اچھائی کے چکر میں نہ پڑیں بلکہ بجائے سرکاری ملازمت میں دوڑ دھوپ کے موجودہ پرائیویٹ پوسٹ پر رہ کر دلجمعی کے ساتھ کام میں لگے رہیں، پوری پوری دیانت وامانت کو ملحوظ رکھ کر کام کرتے رہیں، تقویٰ طہارت میں ترقیات کی فکر رکہیں، اپنے ذمہ جو وسروں کے حقوق ہوں ان کی ادائیگی مکمل کرتے رہیں، مناسب رشتہ ملنے پر مطابق سنت جلد نکاح کرلیں، ان شاء اللہ اختیار کردہ موجودہ پرائیویٹ ملازمت سے ملنے والی آمدنی میں برکاتِ کثیرہ حاصل ہوں گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند