• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 607691

    عنوان: نماز جنازہ میں قہقہے سے وضو کیوں نہیں ٹوٹتا؟ 

    سوال:

    سوال : نماز جنازہ میں قہقہے سے وضو کیوں نہیں ٹوٹتا؟ اگر اس لئے کہ وہ نماز ہے ہی نہیں بلکہ دعا ہے تو پھر اس میں طہارت وغیرہ شرط کیوں ہے ؟ جبکہ دعا کے لیے طہارت وغیرہ شرط نہیں ہوتی؟

    جواب نمبر: 607691

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 418-318/M=04/1443

     قہقہ لگانے سے وضو کا ٹوٹنا حدیث سے ثابت ہے لیکن یہ خلاف قیاس ہے، قیاس کا تقاضیہ یہ ہے کہ وضو نہ ٹوٹے کیونکہ قہقہ لگانا یہ خروج نجس نہیں ہے، اور قاعدہ یہ ہے کہ جو چیز خلاف قیاس ثابت ہو وہ اپنے مورد پر منحصر رہتی ہے اس پر دوسری چیز کو قیاس نہیں کیا جاتا، تو چونکہ قہقہ لگانے کا واقعہ رکوع و سجدے والی نماز میں پیش آیا تھا اس لیے اس سے وضو ٹوٹنے کا حکم بھی رکوع سجدے والی نماز یعنی کامل نماز کے ساتھ خاص رہے گا، نماز جنازہ کامل نماز نہیں ہے کیونکہ اس میں رکوع سجدہ نہیں ہے بلکہ من وجہ نماز ہے اور من وجہ دعا ہے اس لیے بعض احکام جیسے طہارت وغیرہ میں نماز کا حکم ہے اور بعض احکام جیسے قہقہ سے نقض وضو کے باب میں نماز کے حکم میں نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند