• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 602764

    عنوان: خواب دیکھا کہ بڑے چچا اسے سامنے آنے کے لیے بلا رہے ہیں 

    سوال:

    حضرت میرے بڑے چچا مرحوم معشوق احمد ان کا چار سال پہلے انتقال ہوا۔وہ ہمارے جامع مسجد کے سیکرٹری تھے اور ان کے وفات کے بعد سیکرٹری کی ذمہداری میرے والد صاحب نے لی۔ چند روز قبل ہمارے رشتے داروں میں سے ایک شخص نے خواب دیکھا کہ بڑے چچا اسے سامنے آنے کے لیے بلا رہے ہیں کہ ادھر آؤ تو وہ شخص بڑے چچا کے سامنے حاضر ہوا اور دیکھا کہ بڑے چچا موت کے قریب ہے پھر بڑے چچا نے اس شخص سے کہا کہ تم جا کر میرے بھائی (میرے والد صاحب جو فی الحال جامع مسجد کے سیکرٹری ہیں ) سے کہنا کہ مسجد میں میرا کچھ لین دین باقی رہ گیا۔وہ اسے اداء کر دے ۔پھر وہ شخص بیدار ہو گیا بہرحال جب اس شخص نے ابو کو خواب سنایا تو ابو نے کہا کہ بڑے چچا نے مرنے سے پہلے مسجد کے لین دین کا حساب کیا تو 19986 روپیہ ہوا پھر بڑے چچا نے 2014 روپیہ زائد دیا یعنی کل ملا کر 22000 روپیہ دیا تاکہ کمی نہ رہے اور اب یہ خواب سن کر سب پریشان ہیں کیونکہ اگر مسجد میں پیسہ دینا ہے تو کتنا دے ؟ برائے مہربانی خواب کی تعبیر بتائیں۔

    جواب نمبر: 602764

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 496-400/D=07/1442

     چچا مرحوم نے انتقال سے پہلے مسجد کا حساب کتاب کرکے واجب الاداء رقم سے کچھ زاید ادا کردیا اور وہ رقم مسجد کے کھاتے اور حساب میں شامل ہوگئی تو اب اس حساب مذکور کی بنیاد پر تو چچا مرحوم پر کچھ اور واجب نہیں نکلتا؛ البتہ خواب کی ہدایت کے مطابق رجسٹر میں پچھلا حساب کتاب بھی احتیاطاً چیک کرلیا جائے یا مسجد سے متعلق افراد سے معلوم کرلیا جائے اور یہ فکر برقرار رکھیں حتی کہ حساب کی طرف سے آپ لوگوں کا دل مطمئن ہوجائے کہ مرحوم چچا کے ذمہ کچھ واجب نہیں رہا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند