متفرقات >> دیگر
سوال نمبر: 602582
حضرت میں نے کچھ دنوں پہلے خواب دیکھا کہ میں کسی مدرسے میں کچھ لڑکیوں کے ساتھ ہوں اچانک میری طبیعت خراب ہوگئی پھر میں نے لا الٰہ الا اللہ پڑھا اور میرا انتقال ہوگیا لیکن تھوڑی دیر کے بعد میں زندہ ہوجاتی ہوں اور کسی دوسری لڑکی کا انتقال ہو جاتاہے اور مجھے میرے ابو اور بھائی لینے آجاتے ہیں جب ہم مدرسے سے باہر نکلتے ہیں تو میرے ابو نے اس لڑکی کے والد سے پوچھا کہ آپ کی بیٹی کی طبیعت کیسی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ اب میری بیٹی کی طبیعت بھی ٹھیک ہے ان دونوں کو جنوں( جنات)نے ایسے ہی مارا تھا اگر پھانسی دیکر مارتے تو یہ کبھی زندہ نہیں ہوپاتیں۔حضرت اس خواب کی تعبیر بتادیں۔
رات کو میں باوضو سورہ یس، ملک،سجدہ، آیت الکرسی اور معوذتین وغیرہ پڑھ کر سوئی تھی۔اور اس طرح کے خواب میں اکثر دیکھتی ہوں۔کبھی کبھی میں نیند میں قرآن پاک پڑھتی ہوں تو اکثر وہی آیتیں پڑھتی ہوں جس میں لفظ موت ہوتا ہے مثلاً سورہ ملک کی یہ آیت الذی خلق الموت والحیاة... کبھی والذی یمیتنی ثم یحیین. حضرت انشائاللہ مستقبل قریب میں میری شادی ہونے والی ہے میری خواہش ہے کہ میری شادی کسی عالمِ دین سے ہو جبکہ میرے گھر والے اس کے مخالف ہیں میرے لئے دعا کردیں کے میری شادی ایسے باعمل جید عالم دین سے ہو جن کا تعلق اللہ کے ساتھ مضبوط ہو کہ ان کی صحبت و خدمت میرے لئے اللہ کی محبت و معرفت پانے کا ذریعہ بن جائے ۔ میرے لئے خصوصی دعا کردیں۔ بہت بہت شکریہ۔ فجزا کم اللہ عنی افضل الجزاء
جواب نمبر: 602582
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 445-375/M=06/1442
خواب عمدہ اور مبارک ہے، اشارہ ہے کہ حال نیک ہوگا اور انجام خیر کا ہوگا ان شاء اللہ، اسنت و شریعت پر مضبوطی سے عمل پیرا رہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو نیک خاوند عطا فرمائے (آمین)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند