• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 602026

    عنوان:

    خاتون کی قبر سے روشنی نکلتی دیکھنے کی تعبیر

    سوال:

    ایک خاتون نے آدھی رات کے بعد فجر سے قبل خواب دیکھا، وہ دیکھتی ہیں کہ وہ زمین کھود رہی ہیں، اور وہاں سے ایک عورت کی قبر نکلتی ہے ، اور وہ قبر بہت زیادہ روشن و چمکدار ہے ۔ اس خواب کی کیا تعبیر ہوگی؟ نیز یہ بھی بتلادیں کہ خواب کے کیا احکام ہیں؟ خواب کی باتوں کا کتنا اعتبار کیا جاسکتا ہے ؟ جواب عنایت فرمائیں، نوازش و کرم ہوگا ۔

    جواب نمبر: 602026

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:393-104/sn=6/1442

     (1) خواب کی تعبیر میں دیکھنے والے کی دینی حالت وغیرہ کا بھی دخل ہوتا ہے آپ نے اس سلسلے میں کچھ نہیں لکھا ہے ، بہرحال اس خواب میں اس بات کی طرف اشارہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ خاتون کسی دیندار عورت سے علم دین(جو مانند روشنی)کے ہے حاصل کرے ۔ بس اس خاتون کو چاہئے کہ دینی علم حاصل کرنے کی فکر کرے اور اپنی زندگی کو شریعت کے مطابق بنائے ۔

    (2) ”خواب“ نیند کی حالت میں آنے والے خیالات اور مناظر کا نام ہیں،خواب جھوٹا بھی ہوتا ہے اور سچا بھی، بسا اوقات آدمی نیند کی حالت میں وہی تمام چیزیں دیکھتا ہے جودن میں وہ سوچتا رہتا ہے نیز خواب کبھی شیطانی بھی ہوتا ہے ، شیطان نیند کی حالت میں بھیانک مناظر دکھا کر ڈراتا ہے ، اس طرح کے خوابوں کی کوئی تعبیر نہیں ہوتی، اگر کوئی شخص ڈراؤنا خواب دیکھے تو اسے چاہیے کہ لاحول پڑھ کر تھو تھو کردے پھر کروٹ بدل لے ؛ البتہ جو خواب سچے ہوتے ہیں ان کی تعبیر ہوتی ہے ، اور تعبیر کبھی ظاہر کے بالکل خلاف ہوتی ہے ، نیز تعبیر میں آدمی کے صلاح وتقوی نیز گرد وپیش کے ماحول کا بھی دخل ہوتا ہے ؛ اس لیے آدمی کو چاہیے کہ کسی بھی طرح کے خواب سے پریشان نہ ہو ؛ ہاں ضرورت محسوس ہونے پرکسی متبع سنت پختہ عالم سے تفصیل بتلاکر خواب کی تعبیر معلوم کرسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ خواب کوئی شرعی دلیل نہیں ہے ؛ اس لیے خواب پر کسی حکم شرعی کی بنیاد نہیں رکھی جاسکتی ہے اور نہ محض خواب کی بنیاد پر کسی کے خلاف کوئی رائے قائم کی جاسکتی ہے ۔اس سلسلے میں تفصیل کے لیے دیکھیں: تحفة الالمعی شرح ترمذی (6/49تا 52،مطبوعہ:مکتبہ حجاز دیوبند) اور کشاف اصطلاحات العلوم والفنون(1/886،بیروت)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند