• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 58729

    عنوان: قرآن میں ہے کہ اللہ کی نعمتوں کا خوب چرچا کرو تو کیا نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم رحمت اللعالمین اللہ کی نعمت ہیں ہمارے لیے ؟اور اگر ہیں تو ان کا چرچا کرنا کیسا ہے؟

    سوال: قرآن میں ہے کہ اللہ کی نعمتوں کا خوب چرچا کرو تو کیا نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم رحمت اللعالمین اللہ کی نعمت ہیں ہمارے لیے ؟اور اگر ہیں تو ان کا چرچا کرنا کیسا ہے؟

    جواب نمبر: 58729

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 585-571/H=6/1436-U سرکارِ دوعالم تاجدار مدینہ رحمة اللعالمین احمد مجتبیٰ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اور ذکر مباک خواہ عبادات سے متعلق ہو مثلاً نماز روزہ حج وغیرہ کا ذکر ہو خواہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے معاملات جیسے خرید وفروخت قرض ورہن وغیرہ کا تذکرہ ہو، چاہے آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی معاشرت کا ذکر ہو جیسے سونا جاگنا چلنا پھرناوغیرہ اور چاہے آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے لباسِ مبارک کا ذکر ہو جیسے عمامہ وجبہ شریف وغیرہ خواہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے جانوروں کا ذکر مبارک خواہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کا ذکر ہو ، الغرض جو بھی چیز آپ صلی اللہ علیہ تعالی علیہ وسلم سے متعلق ہو اس کا ذکر کرنا اس سے نصیحت وعبرت حاصل کرنا بلاشبہ موجب برکت اور باعث اجر وثواب، ذریعہٴ قربتِ خداوندی اور عین تقاضہٴ اسمان اور بے انتہا مستحسن عمل ہے، البتہ سیرت طیبہ سے استفادہ کا اعلیٰ درجہ یہ ہے کہ ہرامتی کی صورت، سیرت چال، ڈھال، رفتار، گفتار، اخلاق، کردار، آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کا مرقعہ بن جائے ، دیکھنے والے ہرشخص کو مشاہدہ ہوجائے کہ یہ امتی اپنے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کا سچا پیروکار اور عاشق صادق ہے، اگر مسلمان اپنی عادت وطبیعت اخلاق وکیریکٹر شکل وصورت میں سیرتِ رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سے ہٹے ہوئے ہوں اور زبان سے عاشق رسول ہونے کا دعویٰ کرتے رہیں تو دنیا میں ایسے کھوکھلے دعووں کی کچھ قیمت نہیں، بقول شاعر پھر یہ ہوگا ہے دل بھی مدینہ جگر بھی مدینہ مگر حب احمد سے خالی ہے سینہ اور ثانوی درجہ یہ ہے کہ بغیر التزام مالایلزم اور بلا تعیین تاریخ ہمہ اوقات دن رات میں مناسبِ موقعہ حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے ذکر مبارک سے ہرمجلس ومحفل کو معمور ومعطّر کرنے کی کوشش کی جائے، فضائل ومناقب اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اعمال واخلاق سنن وکمالات کے خوب خوب تذکرے کیے جائیں، سیرت کی معتبر کتابوں سے مضامین کے سننے سنانے کا اہتمام کیا جائے۔ ”نشر الطیب فی ذکر النبی الحبیب اور بہشتی زیور، سیرت المصطفی، سیرت خاتم الانبیاء“ کتبِ معتبرہ میں سے مطالعہ کرنا سننا سنانا بیحد مفید ہوگا، ان شاء اللہ تعالی۔ اگر چرچا کرنے سے مراد اس کے علاوہ کچھ اور ہو تو اس کو صاف صحیح واضح انداز پر لکھ کر سوال دوبارہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند