• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 56286

    عنوان: سکرات سے کیا مراد ہے؟

    سوال: سکرات سے کیا مراد ہے؟ کیا موت سے پہلے سکرات مومن کی نشانی ہے؟ کیا سکرات کے دوران تمام گناہ عاف ہوجاتے ہیں؟ کیا سکرات کا ملنا شہادت کی موت ہے؟ سکرات کس حالت کو کہتے ہیں؟ براہ کرم، قرآن وحدیث کے حوالے سے بیان فرمائیں۔

    جواب نمبر: 56286

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 2-11/D=2/1436-U (۱) سکرات سے مراد موت کی شدت اورغشی ہے، جوموت کے وقت پیش آتی ہے، اورموت سے پہلے ہرآدمی پر سکرات کی کیفیت طاری ہوتی ہے، بعض وقت سکرات کا اثر اور نشانی اس پر ظاہر بھی ہوتی ہے، اور کسی کو اس شدت کے اثر سے پیشانی پر پسینہ بھی آجاتا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جب یہ حالت پیش آئی تو آپ پانی میں ہاتھ ڈال کر چہرہٴ مبارک پر مل رہے تھے اور فرماتے تھے (لا الٰہ الا اللہ أن للموت سکرات) یعنی کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے فرمایا کہ موت کے لیے بڑی شدت ہوتی ہے۔ (۲) موت کی شدت مومن کے حق میں کفارہٴ سیئات اور موجب رفع درجات بھی ہوتی ہے، جیسا کہ بیماری اس کے حق میں باعث کفارہٴ سیئات بنتی ہے۔ یشتد الموت علی الموٴمن بحیث یعرف جبینہ من الشدة لتمحیض ذنوبہ أو لتزید درجتہ (مرقاة المفاتیح: ۴/۸) (وَجَائَتْ سَکْرَةُ الْمَوْتِ بِالْحَقِّ ذَلِکَ مَا کُنْتَ مِنْہُ تَحِیدُ) اور موت کی سختی حقیقةً آپہنچی، یہ وہ چیز ہے جس سے تو بدکتا تھا۔ (سورہٴ ق: ۱۹)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند