• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 5619

    عنوان:

    کیا کوا کھانا جائز ہے؟ (فتاوی رشیدیہ) تبلیغی جماعت میں چلہ لگاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ نبیوں کا طریقہ ہے۔ کسی نبی نے چلہ لگایا ہو اور آپ کی طرح خوار ہوئے ہوں ثابت کریں۔

    سوال:

    کیا کوا کھانا جائز ہے؟ (فتاوی رشیدیہ) تبلیغی جماعت میں چلہ لگاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ نبیوں کا طریقہ ہے۔ کسی نبی نے چلہ لگایا ہو اور آپ کی طرح خوار ہوئے ہوں ثابت کریں۔

    جواب نمبر: 5619

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 995=753/ ھ

     

    (۱) کوّا کھانا جائز ہے کیونکہ وہ حلال ہے، فتاویٰ البدائع: ج5 ص39، فتاوی الہندیة: ج5 ص289، احکام القرآن للجصاص: ج3 ص23، فتاوی جامع الرموز: ج3 ص143، تکملة بحرالرائق: ج1 ص172 میں بلکہ دیگر کتب فقہ و فتاویٰ کی بہت سی کتابوں میں اسی کی صراحت ہے، اسی کو فتاویٰ رشیدیہ میں نقل فرمایا ہے۔ جناب سے گذارش ہے کہ جن کتب کا ہم نے صفحات اور جلد کے ساتھ حوالہ دیا ہے اطمینان سے پہلے ان میں اس بحث کو دیکھ لیں پھر فتاویٰ رشیدیہ کی عبارت پر جو اشکال رہے اس کو لکھیں۔

    (۲) جماعت میں چلہ یا کم و بیش وقت لگانے والے اپنے اوقات کو فارغ کرکے بے غرض ہوکر بے طلب بندوں کی خوشامد کرکے دین کی طرف بلاتے ہیں، دینی احکام پر خود استحکام کی کوشش کرتے ہیں اور دوسرے لوگوں کو دین پر جمانے کی سعی کرتے ہیں، اخلاق فاضلہ کے حصول اور اخلاق رذیلہ سے بچنے بچانے میں جد و جہد کرتے ہیں یہ سب امور حضراتِ انبیاء علیہم الصلاة والتسلیم نے کیے تھے یا نہیں؟ جناب کی اس سلسلہ میں کیا تحقیقات انیقہ ہیں؟ اگر جماعتِ تبلیغ میں لگنے والے حضرات یہی کام کررہے ہیں تو اس کو نبیوں والے کام سے تعبیر کرنے میں کیا اشکال ہے؟ اس کو واضح کریں۔

    (۳) حضرات انبیاء علیہم السلام کی تو پوری حیاتِ طیبہ دعوت الی اللہ کے لیے وقف ہوتی ہے، چلہ اور کم و بیش اوقات کا حال تو انتظامی امور فی المدرسہ کے مانند ہے اور وہ بھی افرادِ امت کے احوال کو ملحوظ رکھ کر ہے، اور دینی کام کرنے والوں کو خوار سمجھنا یہ انتہائی پست ذہنیت ہے، یہی حال مکہ اور طائف وغیرہ کے کفار و بے ایمان لوگوں کا تھا کہ وہ اپنی پست ذہنیت کی بنیاد پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور جاں نثار صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم پر پھبتی اڑاتے ہوئے ذلیل سمجھا کرتے تھے حالانکہ وہ خود ہی عند اللہ ذلیل و خوار تھے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند