• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 51113

    عنوان: مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ میت یعنی روح کو ثواب پہنچانے کے لیے کون کون سی سورتیں پڑھنی چاہیے؟

    سوال: (۱)مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ میت یعنی روح کو ثواب پہنچانے کے لیے کون کون سی سورتیں پڑھنی چاہیے؟ (۲) قبر کے پاس جاکر پڑھنا اچھا ہے یا گھر سے پڑھ کر ثواب پہنچاسکتے ہیں؟ دونوں میں زیادہ بہتر کون سی بات ہے؟ اور قبر کے پاس کس طرف منھ کرکے پڑھنا چاہیے؟ (۳) عورت کی عدت کے لیے چاند کی تاریخ سے دن گنے جاتے ہیں یا عام تاریخ کے اور کیا ہر مہینہ ۳۰/ دن کا گنا جائے گا؟ (۴) عدت کے لیے کس کس سے پردہ لازم ہے کیا تایا کے پوتوں سے بھی پردہ ہے؟ (۵) کیا مردے ہمیں دیکھتے ہیں جب ہم قبر پر جاتے ہیں اور سنتے ہیں؟ (۶) میت کو ایصال و ثواب اور مغفرت کے لیے کیا کیا کیا جا سکتا ہے؟

    جواب نمبر: 51113

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 437-437/M=4/1435-U (۱) میت کی تدفین کے بعد سرہانے کھڑے ہوکر سورہٴ بقرہ کا اول اور پیروں کی جانب کھڑے ہوکر سورہٴ بقرہ کا آخر پڑھنا مستحب ہے، اس کے علاوہ جب چاہیں اورجونسی سورت چاہیں پڑھ کرمیت کو ثواب پہنچاسکتے ہیں، کوئی تعیین نہیں ہے۔ (۲) ثواب پہنچانے کے دونوں طریقے درست ہیں، گاہے گاہے قبروں کی زیارت بھی ثابت اور مفید ہے لیکن اگر قبروں پر عرس اور میلے وغیرہ لگتے ہوں، خرافات وبدعات ہوتی ہوں تو ایسی جگہوں پر نہ جانا چاہیے، میت کے پیروں کی جانب کھڑے ہوکر زیارت بہترہے، ہاتھ اٹھاکر دعا کرنی ہو تو قبلہ رخ ہوکر اچھا ہے۔ (۳) چاند کی پہلی تاریخ میں انتقال ہوجائے تو قمری مہینے کے اعتبار سے چار ماہ دس دن عدت کرے چاہے مہینہ ۲۹ کا ہو یا ۳۰ کا اوراگر پہلی تاریخ کے علاوہ میں انتقال ہوا ہے تو ۱۳۰ دن شمار کرکے عدت گذارے، اور اگر عورت حاملہ ہے تو وضع حمل عدت ہے۔ (۴) جن لوگوں سے غیر عدت میں پردہ ہے اُن سے عدت کی حالت میں بھی پردہ ہے، تایا کے پوتوں سے پردہ ہے۔ (۵) دیکھنا ثابت نہیں، مردے زیارت کرنے والوں کو نہیں دیکھتے ہیں ، اور سنتے ہیں یا نہیں اس میں عہد صحابہ سے اختلاف چلا آرہا ہے، سماع اورعدم سماع دونوں کے اقوال ہیں۔ (۶) ہرکارِ خیر کے ذریعہ ایصال ثواب کیا جاسکتاہے، بدنی اور مالی دونوں قسم کی عبادتوں کا ثواب پہنچایا جاسکتا ہے، مثلاً نماز پڑھ کر، روزہ رکھ کر، صدقہ خیرات کرکے، تلاوت و تسبیح وغیرہ پڑھ کر ثواب پہنچایا جاسکتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند