• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 42708

    عنوان: داڑھی كی لمبائی

    سوال: داڑھی کا ناپ کیا ہونا چاہیے چار انگل یا ایک مشت ، کیا یہ ناپ حدیث سے ثابت ہے از راہے کرم وہ حدیث بتادیں یا صرف داڑھی رکھنا ضروری ہے خواہ وہ چھوٹی ہو یا بڑی حدیث کے حوالے سے تفصیلی جواب دیں ۔ مزید یہ کوئی مستند اور تفصیلی کتاب کا نام بھی بتائیں جس میں داڑھی سے متعلق مسائل موجود ہوں۔

    جواب نمبر: 42708

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 453-441/N=4/1434 (۱) شریعت کے نزدیک معتبر داڑھی صرف وہی ہے جس کی مقدار چار انگل یا ایک مشت (دونوں کا مصداق ایک ہی مقدار ہے) جس کی مقدار چار انگلی یا ایک مشت سے کم کرلی گئی ہو، شریعت میں اس کا کوئی اعتبار نہیں بلکہ وہ داڑھی منڈانے کی طرح ناجائز وحرام ہے، اور داڑھی کی یہ ناپ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ اورحضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ وغیرہ سے ثابت ہے (تفصیل کے لیے رسالہ داڑھی کی شرعی حیثیت موٴلفہ حضرت اقدس قاری محمد طیب صاحب نور اللہ مرقدہ دیکھیں) (۲) داڑھی کا وجوب موٴلفہ حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب نور اللہ مرقدہ، داڑھی کا فلسفہ موٴلفہ حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی نور اللہ مرقدہ، داڑھی کی شرعی حیثیت موٴلفہ حضرت قاری محمد طیب صاحب نور اللہ مرقدہ اور داڑھی اور انبیاء کی سنتیں موٴلفہ حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری دامت برکاتہم یہ داڑھی کے موضوع پر مستند ومعتبر اور تفصیلی کتب ورسائل ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند