• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 40039

    عنوان: حجامة

    سوال: میں نے سنّت نبوی کے متعلق ایک علاج کا سنا ہے جو حجامہ کہلاتا ہے. ایک جگہ حدیث میں وارد ہے"بہترین علاج جو تم کرتے ھو حجامہ لگانا ہے، بخاری شریف، قرآن و سنّت کی روشنی میں جواب سے نوازیں۔

    جواب نمبر: 40039

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 573-589/N=8/1433 جی ہاں! حجامہ یعنی: پچھنہ لگوانا ایک مسنون علاج ہے، جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں عرب میں بکثرت رائج تھا، اور یہ بہت سی بیماریوں کا ایک نہایت کامیاب اور بہترین علاج تھا، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے احادیث میں بکثرت اس کی ترغیب دی ہے، اور اس کے بالمقابل کَيّ (گرم لوہے سے داغ دینے کے علاج) سے آپ نے منع فرمایا ہے، احادیث کی تمام کتابوں میں باب الحجامة کے نام سے ایک باب قائم کیا جاتا ہے جس میں حجامة سے متعلق حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور بعض صحابہ وغیرہ کے اقوال وافعال کا تذکرہ ہوتا ہے؛ لیکن یہ واضح رہے کہ یہ مسنون علاج: سنن زوائد میں سے ہے جن میں عادت ورواج کا پہلو ہوتا ہے، عبادت کا پہلو نہیں ہوتا، سنن ہدی میں سے نہیں ہے جن میں عبادت کا پہلو ہوتا ہے، سنن زوائد کو اختیار کرنا افضل وبہتر ہے اور یہ از قبیل محبت ہے جب کہ سنن ہدی کو اختیار کرنا موٴکد ہے، اور انھیں مستقل چھوڑنے والا قابل ملامت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند