• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 39972

    عنوان: خواب

    سوال: میری استانی نے مجھ پر اپنے بیٹے کا رشتہ بھیجاتھا، ان کے بیٹے نے منع کردیا ، اب اس کی شادی ہوچکی ہے۔ کچھ دن پہلے میں نے خواب دیکھا کہ میڈم کا آپریشن ہوا ہے اور پھر بھی وہ دوڑی دوڑی اے ٹی ایم کی طرف جارہی ہیں ، میں بھی ان کے پیچھے بھاگ کر انہیں آواز دے کر بلاتی ہوں، وہ آواز پہ اے ٹی ایم چھوڑ کر میری طرف دوڑ کر آتی ہیں۔ اسی جگہ ایک میڈکل اسٹور بھی ہوتاہے ، ان کے شوہر دوائی لے رہے ہوتے ہیں، میں بھی دوائی لینے لگتی ہوں، ان کے پیسے کم پڑ جاتے ہیں تو میں انہیں پیسے دیتی ہوں اور اپنی دوائی نہیں لیتی ہوں، یہ وقت فجر سے پہلے کا ہوتاہے، اس لیے کافی اندھیرا ہوتاہے، میں اور میڈم اسی اندھیرے میں ایک ہائی وے پر چل رہے ہوتے ہیں، وہ کہتی ہیں کہ مجھے تم سے رشتہ نہ ہونے کا بہت افسوس ہے، وہ بہت پریشان حال معلوم ہورہی ہوتی ہیں، میں انجان بنتی ہوں کہ کون سا رشتہ ؟وہ کہتی ہیں کہ چھوڑو تم نہیں بولوگی۔ پھر میں انہیں اپنے گھر لے آتی ہوں، ان کو اوران کے شوہر کو ایک کمرے میں بیٹھا کر امی کے پاس چلی آتی ہوں، امی سمجھ جاتی ہیں کہ میڈم کو دیکھ کر مجھے تکلیف ہورہی ہے ، امی تسلی دیتی ہیں کہ تیرے موتی کہیں محفوظ ہیں یا تیرے موتی کہیں دور محفوظ ہیں اور روتے روتے بہت سے تسلی کے کلمات کہتی ہیں ۔ امی کی باتوں سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ اب بھی امی کو امید ہے کہ وہ پھر رشتہ لے کر آئیں گی ، حالانکہ ان کے بیٹے کی شادی ہوچکی ہے، یہ امی بھی جانتی ہیں۔ پھر میڈم میرے گھر سے رخصت ہوتے ہوئے کہتی ہیں کہ روز میں اسی وقت آوٴں گی۔ شاید میرے گھر کے نزدیک اسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہوتاہے، وہ یہ کہنا چاہتی ہیں کہ وہ روز میرے گھر آئیں گی اور میں روز ان کی ضیافت کروں۔براہ کرم، میرے خواب کا مطلب بتائیں۔

    جواب نمبر: 39972

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1196-72/D=8/1433 ہرکام اللہ کی مرضی اور ارادہ سے ہوتا ہے، انسان کے بہت سے ارادے اور خواہش فنا ہوجاتے ہیں اور وہی ظاہر ہوتا ہے جو اللہ کو منظور ہوتا ہے، آپ کے واقعہ میں بھی یہی ہوا کہ میڈم کی خواہش اور ارادہ کے خلاف رشتہ ہوا، اب جو ہوگیا اسے اللہ کا فیصلہ سمجھ کر تسلیم کرنا اور اس کی علت ووجوہ تلاش کرنے کی فکر میں نہ پڑنا ہی سلامتی ایمان کا راستہ ہے، اسی طرح آگے کیا ہوگا، یہ اللہ ہی جانتا ہے، اس کی تلاش وجستجو میں پڑنا لاحاصل محنت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند