• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 39116

    عنوان: رضی اللہ کہنے کا مسئلہ

    سوال: کیا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے علاوہ کسی بھی اولیا اکرام یا عالم دین کو رضی اللہ عنہ کہنا یا لکھنا درست ہے، جیسا کے کچھ علماا کرام مولانا احمد رضا کو رضی اللہ عنہ کہتے ہیں یا لکھتے ہیں اسی طرح اللہ کے رسول کو خواب میں دیکھنے کے بعد کیا کوئی مسلمان صحابہ رضی اللہ عنہ کے مقام تک پہنچ جا تا ہے کیوں کہ بعض اصحاب کہتے ہیں کہ اللہ کے رسول کو خواب میں دیکھنا حالت حیات میں دیکھنے کے برابر ہے برا ے کرم وضاحت فرما دیں نوازش ہوگی۔

    جواب نمبر: 39116

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1159-192/B=6/1433 علمائے متأخرین نے فرق مرابت کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ”صلی اللہ علیہ وسلم“، حضراتِ انبیاء کے لیے ”علیہ الصلاة والسلام“ اور حضراتِ صحابہ کے لیے ”رضی اللہ عنہ“ اور دیگر اولیائے کرام اور بزرگان دین کے لیے ان کے نام کے آگے ”رحمہ اللہ - یا رحمة اللہ علیہ“ مقرر فرمادیا ہے۔ اس میں ہرایک کا درجہ اور معیار باقی رہتا ہے، اس کی خلاف ورزی درست نہیں کیونکہ اس میں اشتباہ ہوتا ہے۔ (۲) خواب میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھنے سے وہ صحابی نہ ہوگا۔ صحابی کی تعریف محدثین نے یہ لکھی ہے کہ جو حالت حیات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھے ، ایمان کی حالت میں اور اسی ایمان کی حالت میں وفات بھی پائی ہو۔ یہ بات کہ اللہ کے رسول کو خواب میں دیکھنا حالتِ حیات میں دیکھنے کے برابرہے، درست نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند