• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 38130

    عنوان: مذہب اسلام میں مشہور احادیث کی کتابیں کیا ہیں ؟

    سوال: (۱) نام کتاب : فضائل اعمال مصنف : شیخ زکریا صاحب ، کیا اس کتاب کو حدیث کی کتاب بول سکتے ہیں ؟ (۲) مذہب اسلام میں مشہور احادیث کی کتابیں کیا ہیں ؟

    جواب نمبر: 38130

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 634-91/B=5/1433 حضرت شیخ زکریا مہاجر مدنی رحمة اللہ کی کتاب فضائل اعمال خالص حدیث کی کتاب نہیں کہی جاسکتی، البتہ فضائل اعمال سے متعلق بہت سی احادیث ذکر کرکے اس کی شرح، اسکے فوائد بیان کیے ہیں، ساتھ ہی موقعہ اور محل سے عبرتناک واقعات بھی ذکر کیے ہیں، اس میں بزرگان دین کے واقعات وحالات، ان کے حیرت انگیز کارنامے بھی ہیں،مشائخ کی نصیحتیں، ان کے معمولات بھی لکھے ہیں، غرض کہ احادیث کے ضمن میں بہت سے سبق آموز واقعات، مفید اور کارآمد ہدایات وغیرہ بھی لکھی ہیں، یہ حدیث سے زیادہ دیگر مواد زیادہ ہیں۔ مذہب اسلام میں حدیث کی مشہور کتابیں بے شمار ہیں، آپ کی معلومات کے لیے مفید کتابوں کے نام لکھ رہے ہیں: صحیح بخاری، صحیح مسلم، جامع ترمذی، سنن ابی داوٴد، سنن نسائی، سنن ابن ماجہ، صحیح ابن حبان، صحیح ابن خزیمہ، طحاوی، مستدرک للحاکم، مسند احمد بن حنبل،مصنف ابن ابی شیبہ، مصنف عبدالرزاق، سنن دارقطنی، سنن بیہقی، المعجم الکبیر، المعجم الاوسط، المعجم الصغیر للطبرانی، مسند حمیدی، الکامل لابن عدی، مسند بزار، مسند ابوعوانہ، طیالسی، عبدبن حمید، مجمع الزوائد للہیثمی، سنن دارمی، سنن سعید بن منصور، موطا امام مالک، موطا امام محمد، مشکاة المصابیح، الترغیب والترہیب وغیرہ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند