• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 37626

    عنوان: کلیات امدادیہ کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں،

    سوال: حضرت میں کلیات امدادیہ کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں کہ مداد اللہ مھاجر مکّی کی تصنیف یا آپکی طرف منسسوب کتاب "کلیات امدادیہ" کیا کوئی مستند کتاب ہے؟ کیا میں اسکو پڑھ سکتا ہوں؟ اور اس پر عمل کر سکتا ہوں ؟ میرے پاس دہلی یونیورسٹی کی ایک کتاب کلیات امدادیہ ہے جس پر لکھا ہوا ہے " حسب فرمائش بردار مکرّم جناب حاجی عبد القیّوم صاحب تاجر کتب نمبر ۱۶ وللی اسکوایر کلکتہ ۱۶" اور " با اہتمام حاجی محمّد قمر الدین ابن حاجی محمّد یعقوب صاحب مرحوم مالک مطبع احمدی کانپور" ایسا بھی لکھا ہوا ہے یہ کتاب " دار مطبع قیومی واقعی کانپور طبع شد" تو کیا اس کتاب کا رکھنا پڑھنا اس پر عمل کرنا دوسروں تک اسکا درس دینا میرے لئے کیسا ہے؟ کیونکہ اس سے جو بھی برکات حاصل ہوگے، بیشک اس میں آپ بھی حصّہ دار ہوں گے صحیح جواب بتانے کی وجہ سے۔ آپ کی سائٹ کے قوانین کے مطابق آج 41 دن ہو گئے ہیں۔لیکن پھر بھی ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 37626

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 639-445/D=4/1433 حضرت حاجی امداد اللہ صاحب مہاجر مکی علیہ الرحمہ بلند پایہ عارف باللہ محقق اور شیخ طریقت تھے، محبت الٰہی اور معرفت خداوندی میں آپ کا مقام بہت اونچا ہے، چشتی سلسلہ کے ولی کامل تھے۔ کلیات امدادیہ آپ ہی کے منظوم کلام کا مجموعہ ہے جو معرفت ومحبت کا سرچشمہ ہے، اس کے اخیر میں ضیاء القلوب نامی رسالہ بھی شامل ہے جو سلوک وتصوف کے مضامین اور سالکین کے لیے اوراد و وظائف کے طریقوں پر مشتمل ہے، حضرت علیہ الرحمة کی طرف نسبت اس کی صحیح ہے، کتاب معتبر ہے البتہ بعض مضامین بعض لوگوں کی فہم سے اونچے ہوتے ہیں، اس لیے جو بات سمجھ میں نہ آسکے لکھ کر معلوم کرلیں۔ آپ کی علوم شریعت میں صلاحیت واستعداد کیا ہے؟ اس کو لکھیں گے تو درس دینے سے متعلق رہنمائی کردی جائے گی، ان شاء اللہ تعالیٰ


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند