• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 35651

    عنوان: تصویر،موسیقی ، فلم

    سوال: (۱) تاریخی انگلش فلم (جن میں کوئی فحش مناظر نہ ہوں اور اس کا موضوع بھی اسلام مخالف نہ ہو) دیکھنا جائز ہے کہ نہیں؟ (۲) کسی گانے کا بغیر کسی موسیقی کے آلات کے گانا جائز ہے کہ نہیں؟ مثلاً علامہ اقبال کا کلام ”شہزاد رائے“ نے گایا ہے، ”خودی کا سری نیہا․․․․․“۔ اب اس گانے کو بغیر موسیقی کے گانا جائز ہے کہ نہیں؟ (۳) شاعری کرنا یا پسند کرنا کیسا ہے؟ کیا اسلام اس کی اجازت دیتا ہے ”اگر شاعری غرور، فحش باتوں اور جھوٹ سے پاک ہو“؟ حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ”صحابہ تنگ دل نہ تھے اور ان کی محفل میں شاعری بھی ہوتی تھی“۔ (ادب المفرد) (۴) موبائل میں تصویر لینا جائز ہے؟ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ امیج ہوتی ہے اور یہ جائز نہیں؟ (۵) کارٹونس یا انیمیٹیڈ انگلش موئیز دیکھنا جائز ہے؟

    جواب نمبر: 35651

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 11=22-1/1433 (۱) تاریخی انگلش فلم جن میں فحش مناظر نہ ہو کا دیکھنا بھی ممنوع ہے۔ (۲) گانے کے اشعار اگر ممنوع ومحظور اشیاء مثلاً فخر ومباہات، کذب گوئی، فحش کلامی کسی زندہ متعین امرد یا عورت کے اوصاف پر مشتمل نہ ہو تو ایسا گانا بغیر موسیقی کے گانے کی گنجائش ہے، تاہم احتراز اولیٰ ہے۔ (۳) شعر وشاعری ایک طرح کا کلام ہے اگر اس کا مضمون اچھا ہے یعنی اس کا مضمون شریعت کا حکم ومنشاء اور دینی تقاضوں کے خلاف نہیں ہے مثلاً وہ شعر ایسا ہے جس میں اللہ کی وحدانیت، رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ومنقبت دنیا کی مذمت، موت کی یاد اور دین وخادمان دین کی عظمت بیان کی گئی ہو یا جس سے دین کی بات پھیلتی اور ثابت ہوتی ہو تو ایسے شعر کا پڑھنا بھی محمود ومستحسن ہے اور اگر اس شعر کے مضامین اچھے نہیں ہیں تو پھر ایسے شعر کا پڑھنا مذموم ہوگا، حدیث شریف میں ہے: ہو کلام فحسنہ حسن وقبیحہ قبیح (مشکاة) یعنی شعر بھی ایک کلام ہے، چنانچہ اچھا شعر اچھا کلام ہے اور برا شعر برا کلام ہے، اسی طرح دوسری احادیث سے بھی اچھے شعر کے محمود ومستحسن ہونے کا پتہ چلتا ہے، بعض صحابہ اور ان کے بعد کے علماء شعر کہا کرتے تھے، نیز آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی علم وحکمت کے حامل اشعار کا سننا ثابت ہے، حضرت عمرو ابن شرید اپنے والد سے نقل کرتے ہیں کہ انھوں نے کہا کہ ایک دن (سفر کے دوران) میں رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے (آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سواری پر) بیٹھا ہوا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ”کیا تمھیں امیہ ابن ابی الصلت کے کچھ اشعار یاد ہیں؟ میں نے عرض کیا ہاں، آپ نے فرمایا اچھا تو سناوٴ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو میں نے ایک شعر سنایا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اور سناوٴ میں نے پھر ایک شعر سنایا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اور سناوٴ، (آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسی طرح مزید سنانے کی فرمائش کرتے رہے، یہاں تک کہ میں نے سو اشعار سنائے۔ (مشکاة) (۴) موبائل سے تصویر لینا بھی ناجائز ہے۔ (۵) ان چیزوں میں بے کار وقت ضائع کرنا درست نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند