• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 3266

    عنوان:

    مرحوم کو کسی تقریب میں شریک دیکھنا...

    سوال:

    مجھے خواب کی تعبیر چاہیے، گذشتہ شب میں خواب دیکھتا ہوں کہ ہمارے گھر پر کوئی خوشی کی تقریب ہے، اہل خانہ وخاندان بے حد مسرور ہیں۔ اس تقریب میں ہمارے مرحوم بھائی بھی شریک ہیں، جو ابھی جنوری ۲۰۰۷ء میں تینتیس سال کی عمر میں کار حادثے میں وفات پاگئے۔ پھر تقریب میں شرکت کے بعد مرحوم بھائی واپس چلے جاتے ہیں، معاً مجھے خیال آتا ہے کہ دارالافتاء دیوبند کی ویب سائٹ کے فتویٰ نمبر 1847 میں ذکر ہے کہ جنتی مردے اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنوں سے ملنے آسکتے ہیں۔ میں یہ توجیہ اپنے گھر والوں کو بتارہاہوں اور پھر آنکھ کھل جاتی ہے۔ پھر دوپہر میں جب سویا تو دیکھتا ہوں کہ میری ملاقات بھائی مرحوم سے ان کے ایک دوست کے کیرانے کی دکان پر ہورہی ہے۔ ان کا ایک کرتا پاجامہ درزی کے پاس تھا لیکن سلائی سے پہلے ان کا انتقال ہوگیا، اس لیے میں نے سلوالیا تھا اور وہی پہنے ہوا ہوں، لیکن اس میں روئیں نکلتے ہیں۔ بھائی مرحوم سے ملاقات کے کئی جوڑے کپڑے میرے پاس ہیں، میں نے کہا اس میں سے لے لو، انھوں نے سفید کرتے کا کپڑا اپنے لیے پسند کیا اور پھر آنکھ کھل گئی۔ براہ کرم تعبیر عنایت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 3266

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 148/ ھ= 101/ ھ

     

    1847 فتویٰ کے متعلق تو کچھ نہیں لکھا جاسکتا تاوقتیکہ فتویٰ سامنے نہ ہو۔ خواب کی تعبیر یہ ہے کہ بھائی مرحوم کو شہادت کا درجہ مرحمت ہوا اور آپ کے ایصال ثواب اور دعاوٴں سے مرحوم کو عالم برزخ میں فائدہ پہنچ رہا ہے، دعاء اور ایصالِ ثواب میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند