• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 32418

    عنوان: وہ تبلیغی بھائی کہتے ہیں کہ قرآن سے زیادہ ثواب تعلیم میں ملے گا؟ كيا يه بات صحيح ہے۔

    سوال: اگر کوئی لڑکا رمضان آنے سے ایک یا دو ماہ قبل قرآن سنانے کے لئے صبح فجر کے بعد قرآن پڑھتاہے اور مسجد سے کچھ تبلغی بھائی اس لڑکے کے گھر اس کو بلانے آتے ہیں کہ وہ مسجد کی تعلیم میں شرکت کرے اور اس کو ضروری قرار دیتے ہیں۔ اب اگر تعلیم میں جائے تو قرآن کا نقصان اور وہ تبلیغی بھائی کہتے ہیں کہ قرآن سے زیادہ ثواب تعلیم میں ملے گا۔ کیا یہ بات صحیح ہے یا نہیں؟اور اب کیا کرنا چاہئے؟

    جواب نمبر: 32418

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(م): 1021=1021-7/1432 اگر وہ لڑکا پورے سال روزانہ تلاوتِ قرآن کا معمول رکھے تو شاید رمضان سے پہلے خاص تیاری کی ضرورت پیش نہ آئے، یہ قرآن سے بے توجہی کی بات ہے کہ صرف رمضان آنے سے ایک دو ماہ قبل پڑھنا شروع کرے، بہرحال صورت مسئولہ میں اگر لڑکا کوشش کرے تو مسجد کی تعلیم میں بھی شرکت کرسکتا ہے اور قرآن سنانے اور پڑھنے کا معمول بھی پورا کرسکتا ہے، ممکن ہے اس کے لیے ترتیب میں کچھ تبدیلی کرنی پڑے اور یہ کوئی مشکل نہیں، دونوں کو جمع کرنا کمال ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند