• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 20958

    عنوان:

    کیا زیارت رسول ﷺ ہر کسی کو ہوسکتی ہے؟ چاہے وہ شخص سنت رسو ل پر عمل کرتا ہو نہ کرتاہو؟ اور ایسے گھر میں رہتا ہو جہاں ٹی وی چینل، کمپیوٹر اور جاندار کی تصویر سے بھر ا ہو ا ہو، میوزک سے شغل رکھتا ہو؟ کیا ایسے شخص کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ، حضرت موسی علیہ السلام اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زیارت ہوسکتی ہے یا نہیں؟ کیا جس گھر میں رحمت کے فرشتے داخل نہیں ہوسکتے ہوں اس گھرمیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم خواب میں تشریف لاسکتے ہیں؟ اگر نہیں تو ایسے شخص کی بات میں کس قدر یقین کیا جائے ؟ گھر میں رہتا ہو اور ایسی مشغولیت میں ملوث ہو اور وہ دعوی زیارت کرے؟برا ہ کرم، جواب دیں ۔

    سوال:

    جواب نمبر: 20958

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 641=8504-4/1431

    جو لوگ بکثرت گناہوں میں مبتلا رہتے ہیں، اُن کو بھی خواب میں حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کی زیارت ہوجانا ممکن ہے، خواب کی زیارت کے مقابلہ میں بیداری کی زیارت قوی ہے، اور وہ تو غیروں کو بھی حاصل تھی، ابوجہل، ابولہب فرعون، ہامان، قارون، وغیرہ جیسے بے ایمان لوگ حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اور حضرت موسی علیہ الصلاة والتسلیم کی زیارت بیداری میں کرتے تھے، مگر اس زیارت نے ان لوگوں کو کچھ نفع نہ دیا، اسی طرح خواب میں کوئی زیارت کرلے تو عامةً ایسے خواب کی تعبیر یہ ہوتی ہے کہ زیارت کرنے والا عبادت میں سست وکاہل ہے، خشوع خضوع اس کی عبادت میں مطلوب درجہ میں نہیں ہے، خواب کے ذریعہ اس کو عبادت کے اچھا کرنے اور ترکِ معاصی پر توجہ سچی کرکے اپنی اصلاح پر متوجہ کیا گیا ہے، اس نعمتِ عظیمہ کی قدر یہ ہے کہ زیارت کرنے والا فوراً اپنی اصلاح کی طرف متوجہ ہوجائے اور گناہوں میں ملوث رہنے کی حالت میں اپنے آپ کو مقبول نہ سمجھ بیٹھے کہ یہ شیطان کا بہت بڑا دھوکہ ہے، رحمت کے فرشتوں کا گھر میں داخل ہونا نہ ہونا امر آخَر ہے، اور خواب میں زیارت کا ہونا یہ جُدا معاملہ ہے، ایک کو دوسرے پر قیاس کرنا درست نہیں ہے، اللہ پاک فہمِ صحیح اور عقل سلیم اتباع سنت ترکِ معاصی کی دولت سے سب مسلمانوں کو مالا مال فرمائے۔ آمین

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند