• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 18956

    عنوان:

    میری عمرپندرہ سال ہے اور میں انگلینڈ میں اسکول جاتا ہوں، جو کہ تقریباً نوے فیصد عیسائی ہے۔ تیرہ سال کی عمر سے میں داڑھی رکھ رہا ہوں، اور اسکول میں میرے علاوہ کسی اور کے داڑھی نہیں ہے، اور میں اپنی عمر کے لوگوں سے بہت مختلف لگتا ہوں کیوں کہ کسی کے داڑھی نہیں ہے اور میری داڑھی بہت بڑی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ داڑھی کا رکھنا واجب ہے اور اس کو صاف کرنا یا چھانٹنا بہت بڑا گناہ ہے، لیکن ماحول کی وجہ سے مجھ کو محسوس ہوتا ہے کہ میں اس کو اس وقت نہیں رکھ سکتاہوں کیوں کہ لوگ میرے ساتھ مختلف انداز میں معاملہ کرتے ہیں، اور میرا اسکول کا صرف ایک سال ہی باقی ہے۔ برائے کرم مجھ کو مشورہ عنایت فرماویں۔

    سوال:

    جواب نمبر: 18956

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 150=143-2/1431

    مخالف ماحول میں اللہ پاک نے آپ کو حضراتِ انبیاء علیہم السلام وصحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نیز اولیائے کرام رحمہم اللہ تعالیٰ رحمة واسعة کے منور وروشن چہروں کی موافقت میں اہمّ عمل یعنی ڈاڑھی رکھنے کی توفیق عطا فرمائی یہ آپ کے اوپر اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام واحسان ہے اس کی قدر کرنا چاہیے اور قدر یہ ہے کہ مخالف ماحول اور لوگوں کے طعن وتشنیع سے بالکل متأثر نہ ہوں، اور رات کو سونے سے قبل تھوڑی دیر دل دل میں سوچا کریں اور اپنے دل کو مخاطب کرکے آہستہ آہستہ زبان سے کہہ لیا کریں کہ حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اورحضراتِ صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نے ماحول کے مخالف ہونے کے باوجود کیسی کیسی تکالیف اٹھائیں، قوم کے لعن طعن کی اذیتیں برداشت کیں اور ایک طویل زمانہ (سالہا سال تک) تکلیفیں سہتے رہے، مگر دینِ اسلام کی معمولی معمولی باتوں کو بھی نہ چھوڑا تو میں اسکول کے ماحول و فضاء سے متأثر ہوکر ڈاڑھی جیسے وجوبی عمل کو کیوں چھوڑسکتا ہوں؟ یعنی ہرگز نہ چھوڑوں گا۔ دارالعلوم ڈیوزبری لندن سے ایک چھوٹی سی کتاب [ڈاڑھی کا فلسفہ] اور [ڈاڑھی کا وجوب] منگالیں یا مکتبہ نعمانیہ دیوبند کو لکھ کر بذریعہ ڈاک حاصل کرلیں، اور بار بار بغور اس کا مطالعہ کرتے رہیں ان شاء اللہ اس سے بہت فائدہ ہوگا۔

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند